کراچی(پی این آئی):وزیر اعظم کی اے ٹی ایم کو ملک سے بھگا دیا گیا، جہانگیر ترین شوگر اسکینڈل میں سر فہرست ہیں، پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ چینی چوری میں جہانگیر ترین کا نام سرفہرست ہے۔ وزیراعظم کی اے ٹی ایم کو ملک سے بھگا دیا گیا۔ عمران خان کی کورونا پر کوئی پالیسی نہیں، نہ وہ اپوزیشن
کو کام کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارا فورم پارلیمنٹ ہے اور حکومت اس کو بھی بند کرنا چاہتی ہے۔ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس ابھی تک نہیں بلایا گیا۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ اس وقت عوام کے ذہن میں عجیب وغریب خیالات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک میں حکومت نے نیب کو ٹارزن بنا دیا ہے۔ اپوزیشن کو ڈرانے اور دھمکانے کا سلسلہ جاری ہے۔ آگے ایک اور کورونا کا طوفان آ رہا ہے اور حکومت اپوزیشن کے پیچھے لگی ہوئی ہے۔ وزیراعظم کا ایک ہی کام ‘تحریک انتقام’ ہے۔پیپلز پارٹی رہنما نے اسد عمر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تقریروں میں بونگیاں مارتے تھے، انہوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، مگر لوگوں کو بے روزگار کر رہے ہیں۔ ادھر ‘یوٹرن خان’ نے ہر موڑ پر عوام سے جھوٹ بولا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں ہمارا اشرافیہ والا لاک ڈاؤن نہیں ہوگا بلکہ سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔ تمام ملکوں نے انسانی زندگیوں پر فوکس کیا ہے۔ ہمارے یہاں مارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی یہ ہے کہ جب کیسز بڑھیں تو چندہ دینے والے لوگوں کو مواقع فراہم کیے جائیں۔میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کی کوئی قانونی حیثیت نہیں کہ وہ پریس کانفرنس کریں۔ کورونا کے دوران حکومت نے فساد کی وبا شروع کر دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں