لاہور(پی این آئی) ،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کا کہنا ہے کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے کورونا وائرس کی وبا پھیلی ہے۔لاہور میں دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب کے رہنما ڈاکٹر مسعود سعید کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی
عملے کے لیے حفاظتی انتظامات موجود نہیں، سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کے کورونا وارڈز میں وبا سے بچنے کے لیے کیے گئے انتظامات ناکافی ہیں، کورونا وارڈز میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے لیے ہر ہفتے بعد مناسب قرنطینہ کا اہتمام کیاجائے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سےکورونا وبا پھیلی، حکومت نے ابتدا سے ہی کورونا پر قابو پانے کے لیے مناسب حکمت عملی نہیں اپنائی۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے، کورونا سے نمٹنے کے لیے قائم کیے گئے فیلڈ اسپتالوں میں بھی مناسب سہولتیں موجود نہیں ہیں۔ڈاکٹر مسعود سعید نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کو اضافی تنخواہ نہیں مل رہی، ہیلتھ پروٹیکشن بل کو بھی کچھ عناصر سیاست کی نذر کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعدادایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 2 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں مہلک وائرس سے اب تک 683 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 37 ہزار سے زائد ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں