آزاد کشمیر (پی این آئی)آزاد کشمیر میں ڈبل سواری کرنے اور کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک نہ پہننے پر پولیس کے عوام کو جرمانے،آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔لاک ڈاؤن کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی
ہے۔آزاد کشمیر کے شہر میرپور کے بازاروں اور سڑکوں پر لوگوں کا رش ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماسک نہ پہننے اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے کیے جا رہے ہیں اور ساتھ ساتھ مفت ماسک کی تقسیم کا عمل بھی جاری ہے۔کورونا وائرس کے باعث اسمارٹ لاک ڈاؤن کے آج دوسرے روز بھی بڑی مارکیٹیں اور بازار بند ہیں، البتہ میڈیکل اسٹورز، پھل، سبزی، گوشت کی دکانیں اور تندور کھلے ہیں۔بعض مقامات پر کورونا وائرس کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔آزاد کشمیر میں کورونا کے اب تک 361 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 8 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔ادھر گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں آج مکمل لاک ڈاؤن ہے، جس کے دوران تمام تجارتی مراکز بند ہیں۔شہر میں صرف میڈیکل اسٹور اور سبزیوں کی دکانیں کھلی ہیں۔لاک ڈاؤن میں نرمی کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے غذر میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔گلگت بلتستان میں اب تک 927 کورونا وائرس کے مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ اس سے 13 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں