کراچی(پی این آئی)کورونا کا نشانہ، سندھ پولیس کا ایک اور اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔کراچی پولیس کا ایک اور ملازم کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر انتقال کرگیا ہے جبکہ کورونا وائرس سے 444 پولیس افسران اور اہلکار متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 300 سے زائد پولیس ملازمان ابھی بھی مختلف اسپتالوں، میڈیکل سینٹرز
میں زیر علاج یا اپنے گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔ایس ایس پی ایسٹ تنویر عالم اوڈو کے مطابق کراچی شرقی کے سولجر بازار تھانے کے پولیس کانسٹیبل شکیل احمد میں 4 جون کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، اس کی طبیعت انتہائی خراب ہونے پر اسے لیاری جنرل اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب شکیل احمد انتقال کر گیا۔ایس ایس پی تنویر عالم اوڈو کے مطابق شکیل احمد بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعید آباد کا رہائشی تھا، اس کی میت ایدھی ہوم کے سرد خانے منتقل کردی گئی ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق اس عالمی وبا سے سندھ پولیس کے 8 ملازم موت کا شکار ہو چکے ہیں، سندھ پولیس کے جمعہ کی رات 12 بجے تک کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے متاثر پولیس ملازمان کی تعداد 444 ہوگئی ہے جن میں سے 133 پولیس افسران اور اہلکار اس عالمی وبا سے صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ 8 پولیس ملازمان اس سے انتقال کرچکے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کا شکار پولیس ملازمان کی سب سے زیادہ تعداد 280 کراچی پولیس میں ہے۔کراچی پولیس چیف کے مطابق کراچی کا کورنگی ضلع اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں پولیس کے ضلعی سربراہ سمیت 80 سے زیادہ زائد پولیس ملازمان کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں