کراچی (پی این آئی)کراچی میں گزشتہ رات کا طوفان، 70 مویشی باڑوں میں آگ لگ گئی 70 باڑے جل گئے، 65 جانور ہلاک، درجنوں زخمی۔کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گزشتہ رات گردوغبار کے شدید طوفان اور زوردار آندھی کے دوران کیٹل کالونی میں لگنے والی خوفناک آگ سے چھوٹے بڑے 70 باڑے جل گئے،
جن میں موجود مجموعی طور پر 65 جانور ہلاک، جبکہ درجنوں زخمی اور بڑی تعداد میں مویشی لاپتہ ہوگئے۔ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر کے مطابق گزشتہ رات جب کراچی اور گردونواح میں طوفان اور شدید آندھی آئی تو اس دوران سرجانی ٹاون کی کیٹل کالونی میں تاجر عاطف قادری کے بھینسوں کے باڑے کے ایک چھپڑے میں کسی وجہ سے آگ لگ گئی۔انہوں نے بتایا کہ شدید آندھی جلتے ہوئے چھپڑے کو اڑاتے ہوئے دور تک لے گئی جس سے آگ نے آس پاس کے دوسرے باڑوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، یوں ہر طرف آگ ہی آگ دکھائی دے رہی تھی، جس پر مقامی لوگوں کی جانب سے قابو پانے کی ناکام کوششیں کی گئیں۔ تاہم آگ پھیلتی رہی۔ فائر بریگیڈ کا عملہ وقت پر نہیں پہنچا، تاخیر سے آنے کے باوجود آگ بجھانے والی ایک گاڑی نے کام کیا، جبکہ دوسری فائربریگیڈ خراب ہوگئی۔ شاکر عمر کے مطابق فائربریگیڈ کی جانب سے میڈیا اور اعلیٰ حکام کو آگ بجھانے کیلئے 5 گاڑیاں پہنچنے کے اطلاعات دی جاتی رہیں۔ ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللّٰہ کی ہدایات پر واٹر بورڈ کے 18 واٹر ٹینکرز آگ بجھانے کیلئے بھجیے گئے۔ ایسوسی ایشن نے پاکستان رینجرز، سندھ پولیس، ایدھی فاؤنڈیشن، چھیپا ویلفیئر اور دیگر سماجی کارکنان کے کام کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں ڈیری فارمرز کا ساتھ دیا۔پولیس کے مطابق آتشزدگی سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ تاہم سب سے پہلے آگ کا نشانہ بننے والے باڑے کے مالک عاطف قادری کے مطابق ان کے 80 مویشی آگ کا نشانہ بنے، جن میں سے زیادہ تر ہلاک ہوئے، کچھ شدید جھلس گئے اور کچھ لاپتہ ہوئے۔ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ آتشزدگی سے مویشیوں کے چھوٹے بڑے 70 باڑے جلے جبکہ 65 سے زائد جانور ہلاک ہوئے اور زخمی ہونے والے مویشیوں کی تعداد درجنوں میں ہے۔ آگ کے خوف سے بھاگنے والے بیشتر مویشی اب آہستہ آہستہ مالکان کو مل رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلال کالونی پولیس نے ساڑھے تین بجے انہیں ایک لاپتہ جانور تلاش کرکے دیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں