کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز مگر حکومت نے ٹرانسپورٹ چوبیس گھنٹے چلانے کی اجازت دیدی

لاہور (پی این آئی) کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز مگر حکومت نے ٹرانسپورٹ چوبیس گھنٹے چلانے کی اجازت دیدی، صوبائی کابینہ کی سفارشات کی روشنی میں لاک ڈاؤن سے متعلق محکمہ صحت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کرونا لاک ڈاون پابندیوں میں مزید نرمی کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا

ہے کہ صوبائی حکومت نے بین الاضلاع ٹرانسپورٹ کو 24 گھنٹے فعال رہنے کی اجازت دے دی ہے۔اس حوالے سے پنجاب کابینہ کی سفارشات کی روشنی میں لاک ڈاؤن سے متعلق محکمہ صحت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ جاری اعلامیے کے مطابق اب سے بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہوگی۔ صوبائی حکومت نے مزید کئی پابندیاں بھی نرم کی ہیں، جبکہ کئی پابندیاں تاحال برقرار رکھی گئی ہیں۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبے میں اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک، سینما ہال بند رہیں گے۔ کاروباری مقامات پیر تا جمعہ صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔ گروسری کریانہ اسٹورز کو صبح 9 بجے سے شامل 7 بجے تک ہفتہ بھر کھلے رہنے کی اجازت ہوگی۔ صوبے میں چرچ بھی اتوار کو صبح 7سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیے کھلے رہیں گے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور کر دیا گیا ہے، اس کا اطلاق 15 جون تک رہے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کل کرونا لاک ڈاون پابندیوں میں مزید نرمی کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد منگل کے روز پنجاب حکومت نے بھی پابندیوں میں مزید نرمی کرنے کی منظوری دے دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close