عوام آپ کا جھوٹ جان چکے ہیں، نواز شریف کی لندن سے تازہ تصویر پر فواد چوہدری اور شہباز گل کا تبصرہ

اسلام آباد(پی این آئی):عوام آپ کا جھوٹ جان چکے ہیں، نواز شریف کی لندن سے تازہ تصویر پر فواد چوہدری اور شہباز گل کا تبصرہ،سابق وزیراعظم نوازشریف کی لندن میں چائے پیتے ہوئے ایک اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔حکومت نے کہا ہے عوام سادہ ہیں پر اتنے بھی نہیں،وہ آپ کے جھوٹ ،مکر اور

فریب کو جان چکے ہیں، اب آپ کو اپنی اور اولاد کی کرپشن کا حساب دینا پڑے گا۔وائرل تصویر میں لیگی قائدکوہائیڈ پارک پیلس کے سامنے حسن نواز کے دفتر کے عقبی حصے میں ایک ہوٹل میں اہلخانہ کے ہمراہ بیٹھ کر چائے پیتے دیکھا جاسکتا ہے ۔ نوازشریف کو کورونا لاک ڈاؤن کے دوران پہلی بار گھر سے باہر دیکھا گیا۔ادھرمسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے نوازشریف کی تصویروائرل ہونے پر ٹویٹ میں کہا نواز شریف کی ایک جھلک سے مخالفین کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں ، اس تصویر سے سابق وزیراعظم کے چاہنے والے خوش ہوئے ۔ان لوگوں نے میاں صاحب کو مارنے کی پوری کوشش کی لیکن الّلہ نے بچا لیا، تصویر کا مقصد تشہیر نہیں تذلیل تھا جو ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا،جو لوگ زبردستی آئی سی یومیں گھس کر میری بیہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں ان کیلئے میاں صاحب کی گھر کی خواتین،بچیوں سمیت چھپ کر تصویر بنانا کیا مشکل ہے ؟ ،اتنا ہی نیک کام تھا تو بزدلوں کی طرح چھپ کر کیوں کیا؟،مخالفین کو سمجھ آ جانی چاہیے ایسی حرکتوں سے وہ اپنا نقصان کر رہے ہیں، نواز شریف کا خوف ان کو جینے دیتا ہے نہ چین سے حکومت کرنے دیتا ہے ،ان لوگوں کی یہی سزا ہے ۔ادھرنوازشریف کی اہلخانہ کے ہمراہ نئی تصویرسامنے آنے پراپنے ردعمل میں وفاقی وزیرسائنس اینڈٹیکنالوجی فوادچودھری نے کہا ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کا منہ چڑاتی یہ تصویریں بتاتی ہیں کہ آخر عوام احتساب کے نظام پر کتنا اعتماد کر سکتے ہیں؟۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے ٹویٹ میں کہا انہوں نے قوم کوبے وقوف سمجھ رکھا ہے ،آپ جھوٹ بول کر لندن گئے ،ترس آتا ہے ان لوگوں پر جو اب بھی اس جھوٹ کو سنتے ہیں اور انکو لیڈر مانتے ہیں،افسوسناک۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close