سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں شراب کی دکانوں کے لائسنسوں کا اجراء روک دیا، 4جون کو فریقین طلب

کراچی (پی این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں شراب کی دکانوں کے لائسنسوں کا اجراء روک دیا، 4 جون کو فریقین طلب،سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کے محکمہ ایکسائز کو شراب کی تمام دکانوں کے لائسنس کی تجدید سے روک دیا۔سندھ ہائیکورٹ میں شراب خانوں کے لائسنس کے اجراء سے متعلق کیس کی

سماعت ہوئی۔درخواست گزارکا مؤقف تھا کہ محکمہ ایکسائز کی جانب سے غیر قانونی طور پرلائسنس دیے جاتے ہیں لہٰذا شراب خانے بند کرنے کا حکم دیا جائے۔سماعت کے دوران عدالت نے شراب کی دکانوں کے لائسنس کی تجدید پر حکم امتناع جاری کیا اور 30 جون سے قبل شراب کی دکانوں کے لائسنس کے اجراء پر پابندی عائد کردی۔عدالت نے محکمہ ایکسائز کو شراب کی تمام دکانوں کے لائسنس کی تجدید سے بھی روک دیا۔محکمہ ایکسائز کا کہنا تھا کہ 30 جون کے بعد شراب کی دکانوں کے لائسنس کی تجدید ہوگی، جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ غیر قانونی لائسنس جاری کیا تو عدالت منسوخ کردے گی۔ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر تمام فریقین کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے 4 جون تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے محکمہ ایکسائز اور دیگر سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close