لاک ڈاؤن کورونا وائرس سے بچاؤ کا حل نہیں، پاکستان کا اہم ترین صوبہ جہاں مکمل لاک ڈائون نہ لگانے کا فیصلہ ہو گیا

لاہور(پی این آئی)لاک ڈاؤن کورونا وائرس سے بچاؤ کا حل نہیں، پاکستان کا اہم ترین صوبہ جہاں مکمل لاک ڈائون نہ لگانے کا فیصلہ ہو گیا…. وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب مکمل لاک ڈاؤن نہیں لگایا جائےگا، لاک ڈاؤن کورونا وائرس سے بچاؤ کا حل نہیں ہے، بلکہ احتیاط واحد علاج ہے،

صنعتیں اور مارکیٹیں بند نہیں کی جاسکتیں۔ سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اب دوبارہ مکمل لاک ڈاؤن نہیں لگایا جائےگا۔وزیراعظم عمران خان بھی کہہ چکے ہیں کہ لاک ڈاؤن کورونا وائرس سے بچاؤ کا حل نہیں ہے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کا حل اور علاج صرف احتیاطی تدابیر ہیں۔ لاک ڈاؤن ہمیشہ کیلئے نہیں لگا سکتے۔ کیونکہ لوگ کورونا کی بجائے بھوک سے زیادہ مریں گے۔ اس لیے اب پنجاب میں دوبارہ مکمل لاک ڈاؤن نہیں ہوگا۔ نہ ہی پنجاب میں مکمل طور پرصنعتیں اور مارکیٹیں بند نہیں کی جاسکتی ہیں۔تاہم لاک ڈاؤن میں نرمی یا سختی کا فیصلہ 31 مئی کو ہوگا۔ انہوں نے پنجاب کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے کہا کہ صوبائی وزراء کی کارکردگی کو دیکھ کر ہی کابینہ میں ردوبدل کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے 31 مئی کو قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں لاک ڈاؤن میں نرمی یا مزید سختی کرنے اور کورونا کیخلاف کئے گئے اقدامات پرغور کیا جائے گا۔اجلاس میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے زیرتحت کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔ اجلاس میں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ، وفاقی وزراء اور متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔ مزید برآں پاکستان میں کورونا کیسز کی یومیہ تعداد بڑھ کر2636 تک پہنچ گئی ہے، 157مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، جبکہ57 مریض انتقال کرگئے، پچھلے 24 گھنٹے میں اموات اور نئے کیسز کی تعداد سب سے زیادہ رپورٹ ہوئی، نئے کیسز کی تعداد سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں پچھلے24 گھنٹے میں اب تک سب سے زیادہ کیسز 2636 رپورٹ ہوئے ہیں۔ عالمی سطح پر 60 لاکھ لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں 3 لاکھ 62 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔ جبکہ کل کیسز میں43 فیصد مریض جو25 لاکھ بنتے ہیں، یہ بالکل مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔ پاکستان میں بھی یہی صورتحال ہے، پاکستان میں 64 ہزار کیسز میں35 فیصد مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں، جبکہ اموات میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، پچھلے 24 گھنٹوں میں پاکستان میں 57 افراد انتقال کرگئے ہیں۔ہم کہہ سکتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ کیسز، وینٹی لیٹرز پر 157مریض ہیں، جو سب سے زیادہ تعداد ہے، اسی طرح اموات کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے۔ جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وباء پھیل رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں