اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان میں کورونا نے 30 اور زندگیاں ختم کر دیں، ہلاکتیں 1240، متاثرین کی تعداد 60 ہزار سے زائد ہو گئی،کورونا کیسز کے حوالے سے پاکستان ایک درجہ مزید تنزلی کے بعد دنیا میں 18 ویں نمبر پر آگیا۔ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا سے مزید 30 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی
تعداد 1240 ہوگئی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 60067 ہوگئی ہے ۔اب تک پنجاب میں 21118، سندھ میں24206، خیبرپختونخوا میں 8483، بلوچستان میں 3536 مریض سامنے آچکے جبکہ 19 ہزار سے زائد مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔پنجاب میں گزشتہ روز مزید 10 اموات ہوئیں۔شیخوپورہ میں کورونا سے مزید 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ نارنگ منڈی کے رہائشی احمد بلال کے بعد اس کے گھر کے 8 افراد کا بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹوآگیا۔ سیالکوٹ میں وائرس کا ایک اور مریض چل بسا۔ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ کے سابق ایم ایس و ہارٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر فاروق اور نجی ہسپتال کی گائناکالوجسٹ ڈاکٹر فوقیہ خان، سیالکوٹ میں بھی دو ڈاکٹر اور 4 پیرامیڈیکس وائرس کا شکار ہوگئے ۔فیصل آباد میں 4 ڈاکٹرز کورونا سے صحت یابی کے بعد واپس ڈیوٹی پر پہنچ گئے ۔پنجاب پولیس میں 3دنوں میں مزید50کوروناوائرس کے مریضوں کااضافہ ہوگیا ہے ،لاہورسمیت پنجاب بھر میں مریض ملازمین کی تعداد607ہوگئی۔بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر سردار درمحمد ناصر کورونا کا شکار ہوگئے ، طبیعت خراب ہونے پر بذریعہ ائیر ایمبولینس کراچی منتقل کردیا گیا۔کراچی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈزیز میں کورونا اینٹی باڈیز ٹیسٹ کا آغاز آج سے ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں میں 2177 ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں 699 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور صوبے میں 6 مزید اموات ہوئی ہیں۔محکمہ اوقاف سندھ نے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث لعل شہباز قلندر کے مزار کو کھولنے کا فیصلہ چند گھنٹے بعد ہی واپس لے لیا۔ صباح نیوز کے مطابق کراچی کے ہسپتال کورونا مریضوں سے بھر گئے ۔سنگاپور کی معروف غیر سرکاری تنظیم نے پاکستان میں کورونا کے مریضوں کو جانچنے کے لئے ٹیسٹنگ کٹس پاکستانی سفارتخانے کے حوالے کردیں۔ادھر دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ساڑھے 57 لاکھ سے زائد ہوگئی جبکہ اموات 3لاکھ56 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔گزشتہ روز سب سے زیادہ اموات برازیل میں ہوئیں، امریکہ دوسرے نمبر پر رہا۔ بھارت میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے تارکین وطن بھوک و پیاس سے مرنے لگے ، بہار کے ریلوے سٹیشن پر خاتون بھوک اور پیاس سے تڑپ تڑپ کر مر گئی۔زیمبیا کے وزیر صحت چیٹالو چیلوفیا کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ۔ارجنٹائن میں کورونا کے مریض سامنے آنے پر ایک کچی بستی کو باڑ لگاکر سیل کردیا گیا۔روس نے کورونا کی وبا کے باعث جولائی میں ہونیوالے برکس اور شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کے سمٹ منسوخ کر دئیے ۔انڈونیشیا نے کورونا کے پیش نظر سماجی فاصلے پر عملدرآمد کیلئے ملک بھر میں3لاکھ 40ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کر دیا۔مکہ مکرمہ شہرمیں کرفیوکے اوقات میں نرمی کااعلان کردیاگیا،سعودی وزارت داخلہ کے مطابق کرفیو میں نرمی کا نفاذ دو مرحلوں میں ہوگا،کرفیو میں نرمی کا پہلامرحلہ 31مئی اوردوسرامرحلہ 21جون سے شروع ہوگا،سعودی حکام کے مطابق مکہ مکرمہ میں اتوارسے صبح 6 سے سہ پہر 3بجے تک کرفیومیں نرمی ہوگی،31مئی سے مکہ مکرمہ میں آنے جانے کی اجازت ہوگی، شہری دن بھراپنے محلے میں چہل قدمی کرسکیں گے ،مسجدالحرام میں مقررہ ضوابط کے مطابق مساجدمیں نماز جمعہ اورفرض نمازیں اداکی جاسکیں گی۔کورونا کے پیش نظر بند مسجد اقصیٰ کو اتوار سے کھول دیا جائیگا۔ مسجد کے ڈائریکٹر عمر الکسوانی نے تصدیق کی کہ اتوار سے مسجد اقصیٰ کو کھول دیا جائیگا۔سلطنت عمان نے دارالحکومت مسقط اور مضافات سے جمعہ 29 مئی کو لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کردیا۔نیوزی لینڈ میں کورونا کے آخری مریض کو بھی ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں