پائلٹ کی کنٹرول ٹاور سے گفتگو اور راڈار کی فوٹیج مل گئی، تفصیلات واضح ہو رہی ہیں

کراچی(پی این آئی)پائلٹ کی کنٹرول ٹاور سے گفتگو اور راڈار کی فوٹیج مل گئی، تفصیلات واضح ہو رہی ہیں۔کراچی میں گر کر تباہ ہونے پی آئی اے کے بدقسمت طیارے کی حادثے سے پہلے کی راڈار فوٹیج اور کنٹرول ٹاور سے گفتگو سامنے آگئی ہے۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ نے دو بج کر 20 منٹ پر طیارے کو

رن وے پر اتارنے کی ناکام کوشش کی۔ پائلٹ نے دوبارہ اڑان بھرتے ہی جہاز کو انتہائی زاویہ سے ٹرن لیتے ہوئے فوری طور پر بائیں جانب موڑا۔طیارہ کئی منٹ تک پرواز کرتے ہوئے شاہ فیصل کالونی سے اپروچ روٹ کی طرف بڑھ رہا ہوتا ہے۔ ملیر رفاع عام سوسائٹی کے اوپر پہنچتے ہی طیارے کے انجن میں شدید گڑبڑ ہوتی ہے۔انجن کی خرابی کے سبب پائلٹ جہاز کو اتارنے کی اپروچ کیلئے لینڈنگ روٹ پر لے جانے کی بجائے شارٹ کٹ روٹ سے رن وے پر لے جانے کی کوشش کرتا ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بدقسمت طیارہ ملیر سعودآباد سے ہوتا ہوا ماڈل کالونی کی طرف پہنچتا ہے۔اس دوران کنٹرول ٹاور سے رابطہ کے دوران پائلٹ دونوں انجن بند ہونے کا بتاتا ہے۔ پھر پائلٹ اچانک مے ڈے، مے ڈے، مے ڈے کی کال دیتا ہے اور طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے رن وے سے ایک فرلانگ پہلے ماڈل کالونی کے علاقے جناح گارڈن میں راڈار سے غائب ہو جاتا ہے۔یہی وہ مقام ہے جس کے گھروں پر گر کر پی آئی اے کا یہ طیارہ تباہی سے دوچار ہوا۔ اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close