پاکستان میں آج جمعتہ الوداع کو ملک بھر میں کس طور پر منایا جائیگا؟پاکستان علماء کونسل و انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کی اپیل

لاہور(پی این آئی)پاکستان میں آج جمعتہ الوداع کو ملک بھر میں کس طور پر منایا جائیگا؟پاکستان علماء کونسل و انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کی اپیل… پاکستان علماء کونسل و انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کی اپیل پر 22 مئی 2020ء جمعۃ الوداع کو ملک بھرمیں “یوم تحفظ حرمین شریفین والاقصی”

منایاجائے گا، اس سلسلہ میں مرکزی پروگرام “عظمت حرمین شریفین والاقصی کانفرنس “کل ساڑھے بارہ بجے جامعہ منظور الاسلامیہ کینٹ صدر لاہور میں چیئرمین پاکستان علماءکونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی زیر صدارت منعقد ہوگی،علاوہ ازیں اس موقع پر ملک بھر میں علماء و مشائخ، آئمہ و خطباء جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں کشمیر و فلسطین سمیت دنیا بھرکے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کریں گے اور حرمین شریفین کی عظمت، دفاع اور سلامتی کے لئے تجدید عہد کریں گے اور دنیا کو یہ بات باور کرائیں گے کہ حرمین شریفین وحدت امت کے مراکز ہیں کوئی مسلمان ان کے دفاع و سلامتی سے غافل نہیں ہوسکتا۔اس بات کا اعلان چیئرمین پاکستان علماء کونسل و جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، ڈاکٹرسعید احمد عنایت اللہ ، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا محمد خان لغاری، مولانا اسد زکریا قاسمی، مولانا عبدالکریم ندیم، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا اسید الر حمان سعید ،مولانا محمد اشفاق پتافی و دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ قائدین نے کہا ہے کہ لمحہ موجود میں عالم اسلام جن مسائل اور مصائب کا شکار ہے، ان کا بنیادی سبب اسلامو فوبیا، انتہا پسندی، فرقہ واریت اور اسلامی ممالک میں بیرونی مداخلتوں کو سمجھا جا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ روز و شب عالم اسلام کے مستحکم ممالک کمزور ہو رہے ہیں۔ انتہا پسنداوراسلامو فوبیاکا شکار گروہ اسلام اور مسلمانوں پر حملہ آور ہیں۔ یوم تحفظ حرمین شریفین منانےکا مقصد عالم اسلام کو درپیش ان مسائل کا حل تلاش کرنا اور مسلم امہ کی سلامتی ، بقاءاور استحکام، وحدت امت کو فروغ دینا ہےتاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ الاقصیٰ کی آزادی اور ارض الحرمین الشریفین کے تحفظ اور کشمیر کی آزادی کیلئے پوری امت مسلمہ متحد اور منظم ہے، امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشیں کرنے والے پہلے کامیاب ہوئے نہ آئندہ ہونگے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close