کراچی(پی این آئی)سندھ اسمبلی کی سیڑھیوں پر اپوزیشن کا علامتی اجلاس، ارکان کا احتجاجی دھرنا۔اپوزیشن نے سندھ اسمبلی بلڈنگ کی سیڑھیوں پر علامتی اجلاس کیا اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا 20 مئی کو طلب کردہ اجلاس اچانک ملتوی کرنے پر اپوزیشن نے سندھ حکومت کے خلاف احتجاج
کرتے ہوئے بدھ کو سندھ اسمبلی بلڈنگ کی سیڑھیوں پر اپنا علامتی اجلاس منعقد کیاجس کی صدارت ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی محمد حسین نے کی۔اجلاس میں متحدہ اپوزیشن میں شامل پی ٹی آئی،جی ڈی اے اور ایم کیوایم کے اراکین سندھ اسمبلی نے شرکت کی۔ علامتی اجلاس کے بعد اپوزیشن ارکان احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے۔ مظاہرین نے سندھ حکومت کی کارکردگی کیخلاف بینرز بھی آویزاں کررکھے تھے ،اپوزیشن ارکان سندھ اسمبلی کی سیڑھیوں پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کورونا پر سیاست نہ کرے۔ اپوزشن نے الزام لگایا کہ سندھ حکومت کا پورا بجٹ کرپشن کی نظر ہورہا ہے۔ علامتی اجلاس اور احتجاجی مظاہرے کے دوران ارکان نے بھاشن نہ دو راشن دوکے نعرے بھی لگائے انہوں نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے لئے ” رونا دھونا شاہ ” اور” کیلکو لیٹر شاہ ” کی اصطلاح بھی استعمال کی۔ اس موقع پرسندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ ، ایم کیو ایم پاکستان کے کنور نوید جمیل نے اپنے خطاب میں سندھ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے اسپیکر آغا سراج درانی پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ تعداد میں ارکان کی درخواست کے بعد پندرہ روز میں صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانا اسپیکر کی آئینی ذمہ داری ہے۔ لیکن اسپیکر ایسا کرنے میں ناکام رہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں