عید الفطر کے موقع پر مری میں سیاحوں کا داخلہ بند رکھنے کا اعلان

مری (پی این آئی) عید الفطر کے موقع پر مری میں سیاحوں کا داخلہ بند رکھنے کا اعلان، تعطیلات کے دوران مری میں سیاحتی مقامات اور ہوٹل بند رہیں گے، مقامی افراد کو بھی شناختی کارڈ دکھا کر شہر میں داخلے کی اجازت ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس خدشات کے پیش نظر ملک کے سب سے مقبول سیاحتی مقام مری کو سیاحوں کیلئے عید پر بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ انوارالحق نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے عید تعطیلات کے دوران مری میں سیاحتی مقامات اور ہوٹل بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ عوامی و تفریحی مقامات پر شہریوں کے غیر معمولی رش اور ہوٹلوں میں مسافروں کی آمد و رفت سے کرونا وائرس کے بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کے تحفظ کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔مری کا رخ کرنے کا ارادہ رکھنے والے سیاحوں کو کہا گیا ہے کہ مری کے راستوں پر پولیس کی چیک پوسٹیں قائم ہیں۔ شہری سیر و سیاحت کی غرض سے مری کا رخ نہ کریں ۔ مری کا رخ کرنے والے سیاحوں کو راستے سے ہی واپس بھیج دیا جائے گا۔ جبکہ مری کے شہریوں کو قومی شناختی کارڈ دکھانے پر داخلے کی اجازت ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ صحت عامہ کے تحفظ اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مذکورہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت عید الفطر کے سلسلے میں 6 تعطیلات کا اعلان کر چکی ہے۔ تعطیلات 22 سے 26 مئی تک ہوں گی۔ اس دوران ممکنہ طور پر مارکیٹیں اور عوامی مقامات کھولنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، تاہم سیاحتی مقامات کو بند رکھے جانے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close