کراچی (پی این آئی)سندھ حکومت کی جانب سے بنایا گیا واحد ہسپتال جہاں بیرون ممالک سے بھی لوگ علاج کیلئے آتے ہیں۔۔ ترجمان صوبائی حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ برطانیہ، امریکا، سعودی عرب اور کینیڈا سے لوگ علاج کیلئے سندھ آتے ہیں، سندھ حکومت نے گمبٹ میں نیا سپتال بنایا جہاں مفت علاج کیا جاتا ہے، بیرون ملک سے لوگ یہاں علاج کیلئے آتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ میں صحت کی سہولیات اس قدر شاندار ہیں کہ وہاں کے ہسپتالوں میں علاج کیلئے بیرون ممالک سے بھی لوگ آتے ہیں۔رہنما پیپلز پارٹی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ کے علاقے گمبٹ میں سندھ حکومت نے نیا سپتال تعمیر کیا ہے جو عالمی معیار کا ہے، اور جہاں مفت علاج کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے لوگ ‘سائبر نائف’ میں علاج کیلئے آتے ہیں۔اس لیے ملک میں اگر کوئی کام کر رہا ہے تو وہ صرف سندھ حکومت ہی ہے۔ ترجمان صوبائی حکومت دعویٰ کرتے ہیں کہ برطانیہ اور امریکا، سعودی عرب ، یمن ،کویت ،کینیڈا سے بھی لوگ سندھ علاج کیلئے آئے ہیں۔جبکہ خیبرپختونخواہ سے بھی لوگ سندھ آکر عارضہ قلب اور جگر کا علاج کرا رہے ہیں۔ صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کو بیروزگار سیاستدان قرار دے دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو یہی نہیں پتا کہ گورنر راج کا ذکر آرٹیکل 235 نہیں، 234 میں ہے۔ اللہ پاک فردوس شمیم نقوی کو کوئی روزگار دے۔فردوس شمیم نقوی کیلئے وزیراعلیٰ سے بات کروں گا تاکہ انہیں کسی کام پرلگا دیں۔ گورنر راج کا شوشہ کئی بار چھوڑا گیا، یہ فارغ لوگ ہیں، ہر روز پریس کانفرنس کر دیتے ہیں۔ یہاں یہ واضح رہے کہ سندھ حکومت صوبے میں صحت کی عالمی معیار کی سہولیات دینے کی دعویدار ہے، تاہم بتایا جاتا ہے کہ صوبے میں چند بڑے ہسپتالوں کے علاوہ صحت کا شعبہ شدید بدحالی کا شکار ہے۔ صوبے کے پسماندہ علاقوں کے سرکاری ہسپتال تباہ حال ہیں جہاں ایمبولنس تک کی بنیادی سہولت بھی موجود نہیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی عدم دستیابی بھی طویل عرصے سے بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے، جس کے باعث صوبے کے کئی لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں