کراچی (پی این آئی )سندھ میں ایمرجنسی اور گورنرراج کا نفاذ، بڑا مطالبہ کر دیا گیا… تحریک انصاف کے رہنماؤں نے سندھ میں مالی ایمرجنسی اور گورنرراج کے نفاذ کا مطالبہ کر دیا ہے، تفصیلات کے مطابق رہنما فردوس شمیم نقوی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراطلاعات شبلی فراز کچھ بھی کہیں مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت سندھ میں مداخلت کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں مالی ایمرجنسی اور گورنرراج نافذ کر دیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرکی تنخواہ وزیراعلیٰ دیتے ہیں وفاقی حکومت نہیں دیتی۔ فردوس شمیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب کے بیوی بچے ہیں ڈاکٹرز کو بھی چھٹی ملنی چاہیے۔ جبکہ دوسری جانب حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ اسمبلیاں عوام اور عوامی نمائندوں کے لئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو کے شہر لاڑکانہ کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے ، ڈاکٹرز احتجاج کررہے ہیں ۔تاہم نوابشاہ کو سب کچھ دیا جارہا ہے۔ یا د رہے اس سے قبل رہنما پیپلزپارٹی اور بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں وفاقی حکومت کسی بھی وقت لڑکھڑا سکتی ہے۔ نجی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت وفاق اور پنجاب میں بہت کمزور ہے۔ صرف دو چار اضافی ووٹوں کے ساتھ حکومت بنائی گئی ہے۔کسی بھی وقت اسمبلیاں تحلیل کرنا پڑ سکتی ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اسی لئے نہیں ہٹایا جا رہا ۔ اگر ہٹایا گیا تو ان کے لئے حکومت بنانا مشکل ہو جائے گا۔ تحریک انصاف اپنا وزیراعلیٰ نہیں لا سکے گی۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ ووٹ کا وقت آنے پر تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی مختلف شہروں میں چھپ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت بہت مضبوط ہے انہیں کوئی خطرہ نہیں اور نہ ہی مراد علی شاہ کو اس حوالے سے کچھ کرنے کی ضرورت ہے، تاہم وفاق اور پنجاب حکومت کو خطرہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں