کورونا وائرس ، سندھ میں معاملات بدستور بگڑنے لگے، ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہو گئیں

کراچی(پی این آئی) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ منگل کو کورونا وائرس کے باعث ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی جب 19 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جوکہ 19 مارچ کو پہلی ہلاکت کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتوں کی تعداد ہے۔ اس طرح اب سندھ میں مجموعی طور پر 299 اموات ہوگئی ہیں جوکہ کورونا وائرس کے باعث جان بحق ہونے والے مریضوں کا 1.6 فیصد ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو وزیراعلی ہاس سے جاری اپنے بیان میں کہی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ 19 مارچ سے 19 مئی تک پچھلے دو ماہ سے ہمیں اوسطا 5دن سے زیادہ اموات کا سامنا ہے اگرچہ اموات کا تناسب کل مریضوں کا1.6 فیصد ہے لیکن 61 دنوں میں 299 اموات واقع ہوئی ہیں جو کہ بہت تکلیف دہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت 135 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ان میں سے 34 کو وینٹیلیٹر لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا اللہ تعالی ان کو جلد از جلد صحتیاب کرے۔ مراد علی شاہ نے 12906 مریضوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے 11373 یعنی 88 فیصد گھر وں میں آئسولیشن میں، قرنطینہ مراکز میں 819 اور مختلف اسپتالوں میں 715 یعنی 5.7 فیصد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہ انکشاف کرتے ہوئے خوشی ہے کہ انفیکشن سے 252 مزید مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور اب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4741 ہوگئی ہے جوکہ 27 فیصد بحالی کا تناسب ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 3803 نمونوں کی جانچ کی گئی تو 706 نئے مریضوں کا پتہ چلا۔ انہوں نے کہا ایک طرف ہمارے 252 مریض صحتیاب ہوئے جبکہ مزید 706 مریض سامنے آئے جس کا مطلب ہے 252 مریضوں کو ڈسچارج کرنے کے باوجود 454 دیگر مریض داخل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ان اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ صحتیابی کی شرح انفیکشن کی شرح سے بہت کم ہے اور اس شرح پر قابو پایا جاسکتا ہے جب ہر شخص ایس او پیز پر عمل کرے۔انہوں نے کہا کہ اب تک حکومت نے 131376 نمونوں کی جانچ کی ہے جن میں سے 17947 مثبت کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا مجموعی طور پر ٹیسٹ کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 13.7 فیصد ہے جو دیگر ممالک کے تناسب سے کہیں زیادہ ہے۔ مراد علی شاہ نے کراچی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 706 نئے کیسوں میں سے 558 کا تعلق کراچی سے ہے۔ ان میں ضلع جنوبی میں 134 ، ضلع شرقی میں 131، ضلع وسطی میں 105 ، ضلع غربی میں 72 ، ضلع ملیر میں 58 اور ضلع کورنگی میں 58 شامل ہیں۔انہوں نے کہا مقامی پھیلا میں معمول کے مطابق کراچی سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس حیدرآباد میں 20 ، لاڑکانہ16 ، قمبر شہداد کوٹ12 ، جامشورو،شکار پور اور سکھر میں 10-10، خیر پور میں5 ، جیکب آباد4 ، میرپورخاص اور سانگھڑ میں 3-3 ،، دادو ، گھوٹکی اور کشمور میں 2-2 ،بدین ، ٹنڈو الہیار اور نوشہروفیروز میں 1-1 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔وزیراعلی سندھ کے مطابق واشنگٹن ، مسقط اور جدہ سے تین پروازیں بالترتیب 14 ، 15 اور 16 مئی کو 792 پھنسے پاکستانیوں کو کراچی لے کر آئیں۔ان سب کا ٹیسٹ کیا گیا جس کے نتیجے میں ان میں سے 60 مثبت پائے گئے جبکہ 17 مسافروں کے نتائج کا انتظار کیا جارہا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے ایک بار پھر لوگوں سے ایس او پیزپر عمل کرنے کی تاکید کی اور بغیر کسی ٹھوس وجہ کے گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کو کہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close