کراچی(پی این آئی)سندھ حکومت نے بھی ایک یو ٹرن لے لیا، پبلک ٹرانسپورٹ عید کے بعد کھول دی جائے گی، اعلان کر دیا۔سندھ حکومت نے گزشتہ روز پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے انکار کے بعد آج یوٹرن لے لیا، وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ عید کے بعد کھولی جائے گی۔صوبائی وزیر
ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ حفاظتی انتظامات کے تحت ٹرانسپورٹ بحال کرنے کی تیاری شروع کی ہے،حتمی منظوری وزیراعلیٰ سندھ پیرکو دیں گے۔اویس شاہ کا کہنا ہے کہ ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت ٹرانسپورٹ بحال کرنے کی تیاری شروع کی ہے، ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دینے کیلئے 4 نکاتی سمری تیار کی گئی ہے جس کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ سندھ پیر کو اجلاس میں دیں گے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ سارے فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں اور ٹرانسپورٹ پر پوری طرح فیصلہ نہیں ہوسکا کہ کھولیں یا نہیں کیونکہ ایک دو صوبوں کو اعتراض ہے۔ان کا کہنا تھاکہ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھول دیں، امریکا اور یورپ میں ہلاکتوں کے باوجود ٹرانسپورٹ اور ائیرٹریفک بند نہیں کی تو ہم نے کیوں کی ہوئی ہے؟وزیراعظم کے بیان پر اپنے ردعمل میں اویس شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے حکم کا احترام کرتے ہیں مگر پبلک ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے، روزانہ کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور ایسے میں ٹرانسپورٹ نہیں کُھل سکتی۔اویس شاہ کا کہنا تھا کہ کیا وزیراعظم پبلک ٹرانسپورٹ کھلوا کر ملک کو ووہان یا اٹلی بنانا چاہتے ہیں؟ خدشہ ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے ملک اٹلی نہ بن جائے۔اس کے علاوہ صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان کرچکے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں