چاند رات کو شاپنگ کا وقت رات 12 بجے تک بڑھا دیا جائے، پی ٹی آئی لیڈر خرم شیر زمان کا سندھ حکومت سے مطالبے پر مطالبہ

کراچی(پی این آئی)چاند رات کو شاپنگ کا وقت رات 12 بجے تک بڑھا دیا جائے، پی ٹی آئی لیڈر خرم شیر زمان کا سندھ حکومت سے مطالبے پر مطالبہ۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ میں کورونا کے ٹیسٹ جعلی ہو رہے ہیں،لوگوں کے

اندر خوف پیدا ہوچکا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیرصحت غائب ہیں انہیں چاہیے کہ سندھ اسمبلی میں آکر جواب دیں ،سرکاری اسپتالوں کا برا حال ہے۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ مارکیٹیں کُھلیں تو رش بہت بڑھ گیا ہے،جس کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے، چاند رات تک مارکیٹ کھلے رہنے کا وقت رات 12 بجے تک بڑھایا جائے۔انہوں نےصوبے میں ٹرانسپورٹ فوری طورپر کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے 10 سال میں صرف 10 بسیں چلائی ہیں، پیپلزپارٹی قانون سازی میں سب سے آگے لیکن عمل درآمد کرانے میں سب سے پیچھے ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت لوگوں کو سہولیات دی جائیں، لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقے کو زیادہ نقصان ہورہا ہے جب کہ لوگ بھی احتیاط کریں اور سماجی فاصلہ رکھیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف بڑی سازش چل رہی ہے، وزیراعلیٰ کے خلاف ان ہی کے اپنے لوگ سازش کررہے ہیں، ان کے پاس بیٹھے ہوئے لوگ خود وزیراعلیٰ بننےکے امیدوار ہیں اور بہت سے فیصلوں پر تو وزیراعلیٰ خود لاعلم ہوتے ہیں۔خیال رہے کہ سندھ بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 268 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close