اندرون ملک پروازیں بحال، ڈیڑھ ماہ بعد کراچی سے پہلی پرواز اسلام آباد کے لیے روانہ

اسلام آباد(پی این آئی)اندرون ملک پروازیں بحال، ڈیڑھ ماہ بعد کراچی سے پہلی پرواز اسلام آباد کے لیے روانہ۔کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کے باعث تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا۔پی آئی اے اور نجی ائیرلائنز نے آج سے اندرون ملک آپریشن شروع کردیا جس میں لاہور،

اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں پروازیں چلائی جارہی ہیں۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق جزوی بحالی کے بعد پہلی پرواز پی کے 8304 کراچی سے 84 مسافروں کو لے کر لاہور روانہ ہوئی جب کہ نجی ائیرلائن کی پرواز اسلام آباد روانہ ہوگئی۔ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کے تمام طیاروں کو پرواز سے قبل مکمل طور پر ڈس انفیکٹ کیا جارہا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافر جب ائیرپورٹ پہنچے تو سب سے پہلے ان کا درجہ حرارت چیک کیا گیا اور ائیر پورٹ میں داخلے کے وقت سماجی فاصلے کا خیال بھی رکھا جارہا ہے۔ترجمان کے مطابق طیارے کے اندر بھی مسافروں کو ایک نشست چھوڑکر بٹھایا جائے گا جب کہ ائیرلائن مسافروں کو ماسک اور ہینڈ گلووز فراہم کرنے کی پابند ہوگی۔اس کے علاوہ پرواز کی روانگی سے قبل طیارے میں اسپرے کے بعد سول ایوی ایشن سے سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگا، 5 مخصوص ائیرپورٹس پر اندرون ملک روانگی اور آمد پرڈس انفیکٹنٹ اسپرے کیا جائے گا۔ائیرپورٹ اسٹاف اور مسافرپارکنگ ایریاز سے آگے نہیں جاسکیں گے اور ہر قسم کا پروٹوکول ختم کر دیا گیا ہے جب کہ کریو کے لیے حفاظتی لباس، این 95 ماسک اور سرجیکل گلوزکا استعمال لازمی ہوگا، اس کے علاوہ مسافروں کوپرواز میں کھانا فراہم نہیں کیا جائے گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close