سندھ کا پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے صاف انکار، صوبے کو ووہان یا اٹلی نہیں بنائیں گے، وزیر ٹرانسپورٹ کا موقف

کراچی(پی این آئی)سندھ کا پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے صاف انکار، صوبے کو ووہان یا اٹلی نہیں بنائیں گے، وزیر ٹرانسپورٹ کا موقف۔وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے صاف انکار کردیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے اویس شاہ نے کہا کہ

وزیراعظم کے حکم کا احترام ہے مگر پبلک ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے استفسار کیا کہ کیا وزیراعظم عمران خان پبلک ٹرانسپورٹ کھلوا کر ملک کو ووہان یا اٹلی بنانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے خود بھی اعتراف کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لوگ ایس او پیز پر عمل نہیں کررہے ہیں۔اویس شاہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم صاحب آئیں مل کر کام کریں، اس وقت صوبوں کو آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایس او پیز طے ہونے کے بعد فیکٹری اونرز نے بھی ایس او پی پر عمل نہیں کیا۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی تجویز دی ہے اور کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے پندرہ کروڑ لوگ پاکستان بھر میں متاثر ہیں، آج اگر لوگوں کو روزگار نہ دیا تو بھوک سے مرنے کا مسئلہ زیادہ ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کی وزرا کے ہمراہ کورونا صورتحال پر بریفنگ میں کہنا تھا کہ 12 ہزار روپے کتنی دیر تک ایک خاندان کے لیے کافی رہیں گے، ہم وہ لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے جو یورپ، امریکا اور چین نے کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close