خواتین کی عید ہو گئی، پنجاب میں قواعد کے تحت بیوٹی پارلرز کھولنے کی اجازت دے دی گئی، حجام کی دکانیں بھی کھل گئیں

لاہور(پی این آئی)حکومت پنجاب نے ضابطہ کار کے تحت بیوٹی پارلرز اور حجام کی دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی۔وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 9 مئی سے کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا اعلان کردیا تھا جس کے تحت ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کاروبار اور مارکیٹیں کھولنے کی اجازت

دے دی گئی تھی مگر اس میں بیوٹی پارلرز اور حجام کی دکانیں شامل نہیں تھیں۔تاہم اب صوبائی حکومت نے پنجاب میں بیوٹی پارلرز اور حجام کی دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی ہے جس کے لیے محکمہ صحت پنجاب کے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے قواعدو ضوابط کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق گاہگ اور عملے کے درمیان سماجی فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے اس لیے ایک وقت میں ایک گاہک کی حکمت عملی اپنائی جائے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گاہکوں کو ٹیلیفون کے ذریعے وقت دینے کی حکمت عملی اپنائی جائے کیونکہ انتظار گاہ میں گاہک زیادہ سے زیادہ 15 منٹ تک بیٹھ سکتا ہے۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق ایک گاہک پر استعمال کردہ تولیہ دوسرے گاہک پر استعمال نہ کریں، اس کے بعد تولیہ اورکپڑا واشنگ پاؤڈر سے 60 تا 90 ڈگری سینٹی گریڈ گرم پانی میں دھوکراستعمال کریں، بہتر ہے کہ کاغذی تولیے استعمال کرنے کو ترجیح دیں، بار بار ہاتھ لگنے والی اشیاء کرسیاں، میز، دروازے، کنگھی اور دیگر پلاسٹک کے آلات وغیرہ کو بار بار واشنگ پاؤڈر یا 0.05 فیصد کلورین کے محلول سے صاف کریں۔اس کے علاوہ گاہک بٹھانے سے پہلے کرسی کو جراثیم کش محلول سے صاف کریں۔نوٹیفکیشن کے مطابق گاہک کے لیے جراثیم سے پاک کنگھی اور قینچی استعمال کریں، ممکن ہو تو ڈسپوزایبل کنگھی استعمال کرنے کو ترجیح دیں اس کے علاوہ ہر گاہک کے لیے نیاڈسپوزایبل بلیڈ استعمال کریں جس کے بعد بلیڈ ڈبے میں اکٹھے کر کے تلف کریں۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیاہےکہ کوڑا کرکٹ یا بالوں وغیرہ کو مناسب جگہ گڑھا گھود کر دبائیں اور دکان میں صاف ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، گاہک کو ترغیب دی جائے کہ وہ بار بار ہاتھ دھوئیں یا سینیٹائز کریں، ماسک پہنے یا منہ کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی کہ گاہک کا کام کرنے سے پہلے اور اس کے بعد لازمی صابن سے ہاتھ دھوئیں۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گاہک میں بخار ،کھانسی یا گلا خراب کی علامات ہوں تو معذرت کریں اورہرگز حجامت نہ کریں، ساتھ ہی حجام کی دکانوں اور پارلرز میں لازم ہے کہ دکان پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہدایات کے پوسٹر آویزاں کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close