طلبا تیاری کر لیں، ملک بھر میں پرائیویٹ اسکولز کھولنے کا اعلان کر دیا گیا، تاریخ بتا دی

لاہور (پی این آئی) یکم جون سے ملک میں تمام نجی اسکولز کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ، آل پاکستان پرائیویٹ اسکولزفیڈریشن کا کہنا ہے کہ حکومت ایس اوپیزجاری کرے، حکومت اپنے ایس او پیز جاری نہیں کرتی تو خود اسکولز کھولنے پر مجبور ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ملک کے تمام تعلیمی

ادارے خاص کر اسکول جولائی کے ماہ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے سندھ حکومت کا تو یہ تک کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ کرونا وائرس پھیلاو کے باعث اسکول اگلے 6 ماہ تک بند رہیں۔ اس صورتحال میں ملک کے نجی تعلیمی ادارے کھولنے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولزفیڈریشن کے رہنما کاشف مرزا نے کہا ہے کہ کرونا لاک ڈاؤن کے باعث 2 کروڑ طلبا کے تعلیمی نقصان کاازالہ ناممکن ہے۔15 جولائی تک تعلیمی اداروں کی بندش سے ملک کے 50 فیصد نجی تعلیمی ادارے بند ہوجائیں گے۔ یوں نجی تعلیمی اداروں کی بندش سے10لاکھ لوگ بے روزگار ہوجائیں گے۔ اس لیے یکم جون سے نجی اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اب یا تو حکومت خود اسکول کھولنے کیلئے ایس او پیز جاری کر دے، یا پھر ہم خود اسکول کھولنے پر مجبور ہوں گے۔ دوسری جانب بلوچستان کے نجی تعلیمی اداروں کو یکم جون اور سندھ کے نجی تعلیمی اداروں کی تنظیم نے 15 جون سے ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔تاہم اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومت واضح کر چکی ہیں کہ تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے۔ ملک کے تمام تعلیمی اداروں اور بورڈز کے امتحانات بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ حکومت فی الحال یکم جون سے نجی تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دینے کیلئے آمادہ نظر نہیں آتی۔ حکومت کا موقف ہے کہ ایسا وقت جب ملک میں کرونا وائرس ہر گزرتے دن کیساتھ پھیل رہا ہے، تعلیمی ادارے کھول کر بچوں اور اسٹاف کی زندگیاں خطرے میں نہیں ڈالی جا سکتیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close