کراچی پولیس کا ایک اور افسر کورونا کے ہاتھوں زندگی ہا رگیا،تعداد 5 ہو گئی، 121 زیر علاج

کراچی(پی این آئی)کراچی پولیس کا ایک اور افسر کورونا کے ہاتھوں زندگی ہا رگیا،تعداد 5 ہو گئی، 121 زیر علاج،کراچی میں ایک اور پولیس افسر کورونا وائرس کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا، اس طرح محکمہ پولیس کے انتقال کر جانے والے ملازمین کی تعداد 5 ہوگئی ہے جبکہ 121 پولیس افسران اور اہلکار صوبے

کے مختلف اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز یا گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔پولیس حکام کے مطابق سب انسپکٹر محمد حنیف، وفاقی حکومت کی جانب سے مستحقین کو 12 ہزار روپے فی خاندان دینے کے احساس پروگرام کے لیے رزاق آباد میں ڈیوٹی پر تعینات تھا۔ جہاں اسے دیگر اہلکاروں کی طرح رقوم کے حصول کے لیے آنے والے سیکڑوں افراد سے ڈیلنگ کرنا پڑ رہی تھی۔ اسی دوران محمد حنیف کورونا وائرس کا شکار ہوا اور رزلٹ مثبت آنے پر اسے اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ جہاں کئی دن سے محمد حنیف کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاعات آ رہی تھیں، جس کے بعد منگل کی شام وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔ گزشتہ روز بھی ایک پولیس اہلکار کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ تعداد 5 ہوچکی ہے۔ذرائع کے مطابق منگل کو سندھ پولیس کے مزید 5 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کا شکار پولیس افسران اور اہلکاروں کی تعداد 157ہوگئی۔ مزید دو پولیس ملازمین منگل کو صحتیاب ہوئے، وائرس کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد 31 ہوگئی ہے۔عالمی وباء سے سب سے زیادہ کراچی کے پولیس ملازمین متاثر ہوئے ہیں۔ سندھ پولیس کے اب بھی 121 ملازمین مختلف اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز یا گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close