کراچی کے تاجر ڈٹ گئے، سندھ حکومت پیر سے چھوٹے بازار کھولنے پر راضی ہو گئی

کراچی(پی این آئی)کراچی کے تاجر ڈٹ گئے، سندھ حکومت پیر سے چھوٹے بازار کھولنے پر راضی ہو گئی،سندھ حکومت اور تاجروں کے درمیان اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس میں تاجر اپنے موقف پر ڈٹ گئے اور سندھ حکومت کو ایک دن کی مہلت دے دی۔ذرائع کے مطابق تین گھنٹوں پر مشتمل اس اجلاس

میں تاجر نمائندوں نے وزیراعلی سندھ کی جانب سے گلی محلوں کی دکانیں کھولنے کے اعلان پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر واضح کیا کہ وہ ہرصورت پیر سے مارکیٹیں کھولیں گے۔تاجروں کی جانب سے پیر سے بازار کھولنے کے موقف پر ڈٹ جانے کے سبب سندھ حکومت نے پیر سے مرحلہ وار شہر بھر کی چھوٹی بڑی مارکیٹیں ایس او پیز کے ساتھ کھولنے پر رضامندی ظاہر کردی تاہم بڑی مارکیٹیں اور شاپنگ سینٹرز کھولنے کے سلسلے میں سندھ حکومت ہفتے کو وفاق سے نظرثانی کے لیے رابطہ کرے گی اور وفاق کو تمام صورتحال سے آگاہی کے بعد مارکیٹیں کھولنے کا باقاعدہ فیصلہ کرے گی۔اجلاس میں شریک تاجر نمائندوں نے بتایا کہ ان سے شہر بھر کی چھوٹی بڑی مارکیٹوں کی فہرست بھی طلب کی گئی ہے تاکہ ہفتے کو ہی شہر بھر کے تاجر نمائندوں پر مشتمل اجلاس میں ایس او پیز کو حتمی شکل دی جاسکے اور ان ایس اوپیز کے تحت مارکیٹیں کھولی جاسکیں۔تاجر نمائندوں کا کہنا ہے کہ تمام مارکیٹس کمشنر کراچی کے ماتحت کھولی جائیں گی، امکان ہے کہ ہفتے کی شام تک حکومت سندھ وفاق سے رابطے کے بعد پیر سے تجارتی مراکز کھولنے کا باقاعدہ اعلان کردے گی۔کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں کراچی کے تاجر پیر سے تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں کھولنے پر متحد ہوگئے ہیں، ہم وفاق نہیں سندھ حکومت کے طابع ہیں لہذا وزیراعلی سندھ اس حساس معاملے پر وزیراعظم سے کل ہی بات کرکے حتمی فیصلہ کریں ورنہ پیر سے بازار کھول دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم بہت التجائیں کرچکے اب لولی پاپ دینا بند کیا جائے، پریشان حال تاجروں کو کاروبار کرنے کا موقع دیا جائے۔ تاجرتمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے اس لیے حکومت تاجروں کو کاروبار کرنے کا موقع دے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close