لاہور(پی این آئی)لاک ڈاؤن سے متاثرہ ثقافتی اور ادبی تنظیموں و اداروں کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی طرف سے خصوصی گرانٹ کا اعلان،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کرنے کافیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیاگیاہے اورعام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے
لئے متفقہ فیصلے کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے کے تناظر میں شہریو ں کو حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں ۔ شہری جتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اتنا ہی کورونا سے محفوظ رہیں گے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم اختر رامے نے ملاقات کی۔جس میں کورونا وباء کے تناظر میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وطن واپس آنے والے مسافروں کو دوران قرنطینہ فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مسافروں کو ٹیک اوے کھانا منگوانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ مسافر دوران قیام آرڈر پر کھانا منگوا سکیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کورونا سے مختلف ممالک میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا بھی اظہار کیا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے کورونا وباء اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ ثقافتی اور ادبی تنظیموں و اداروں کیلئے خصوصی گرانٹ کا اعلان کیاہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے تھیلسیمیا کے مرض سے بچاؤکے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تھیلیسیمیا ایک موروثی مرض اور معصوم بچوں کا ایک انتہائی تکلیف دہ مسئلہ ہے ۔ آج کے دن ہمیں پاکستان کو اس مرض سے پاک ملک بنانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کرنا ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے صدارتی ایوارڈ یافتہ نامورچولستانی مارواڑی لوک گلوکار کرشن لال بھیل کے ا نتقال پر گہرے دکھ او رافسوس کا اظہارکیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ملتان کے تھانہ شاہ شمس کی حدود میں بچے کے قتل اور خانیوال کے علاقے کبیر والا میں اغوا کے بعد نوجوان پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں