وہی ہوا جس کا ڈر تھا، پیٹرول قیمتوں میں کمی کی خوشی زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر غور

اسلام آباد (پی این آئی) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان، وزیراعظم کو گردشی قرضے کے خاتمے کیلئے دونوں مصنوعات پر اضافی لیوی عائد کرنے کی تجویز دے دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کو گردشی قرضے کے خاتمے کیلئے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی لیوی عائد کرنے کی

تجویز دی گئی، جس کی منظوری کی صورت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ حکومت کیلئے گردشی قرضے میں مسلسل اضافہ بہت بڑی سر درد بنا ہوا ہے۔ گردشی قرضے میں کمی کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں، گردشی قرضے کے بتدریج خاتمے کیلئے وزیراعظم کو تجویز دی گئی ہے کہ پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر 5 روپے فی لٹر کی اضافی لیوی عائد کر دی جائے۔بتایا گیا ہے کہ پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی سالانہ کھپت 20 ارب ڈالر ہے۔ایسے میں اگر حکومت کی جانب سے اضافی لیوی عائد کی جائے تو اسے سالانہ 100 ارب روپے وصول ہوں گے۔ اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم نے تاحال تجویز کی منظوری کا فیصلہ نہیں کیا۔ تاہم اگر وزیراعظم پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہیں، تو ایسے میں 2 مصنوعات پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔ یہاں واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم مئی سے 30 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا چکی ہے۔پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 27روپے15 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے کمی کر دی گئی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 81روپے58 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 27روپے15پیسے کمی کے بعد80روپے10پیسے، مٹی کا تیل 30 روپے کمی کے بعد 47 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close