ایل او سی پر بھاری ہتھیاروں سے جھڑپیں ،بھارتی فوج کی شدید گولہ باری

راولپنڈی (پی این آئی) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں سے اندھا دھند شیلنگ، بھارتی فوج کے جانب سے ایل او سی کے سیکٹرز نیزہ پیر اور رکھ چکری پر مارٹر، آرٹلری اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، 6 شہری زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف

کنٹرول پر اشتعال انگیز کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے۔جمعرات کے روز اس سلسلے میں مزید شدت دیکھنے میں آئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی۔ بھارتی فوج نے نیزہ پیر، رکھ چکری سیکٹرزپر بلا اشتعال فائرنگ وگولا باری کی۔بھارتی فوج کی جانب سے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ مزید تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج نے مارٹر، آرٹلری اور خود کار ہتھیاروں کا اندھا دھند استعمال کیا۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے3بچیوں،خاتون سمیت6 معصوم شہری زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ سرحد پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیاں بڑھ گئی ہیں۔ جبکہ آرمی چیف نے بھی کچھ روز قبل لائن آف کنٹرول کے اگلے مورچوں کا دورہ کر کے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا تھا، اور یہ واضح کیا تھا کہ بھارتی فوج کو ہر طرح کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close