کمائی کا ذریعہ، کراچی پولیس تدفین سے قبل ڈیتھ سرٹیفکیٹ طلب کرتی ہے، پولیس چیف نے نوٹس لے لیا

کراچی(پی این آئی)کمائی کا ذریعہ، کراچی پولیس تدفین سے قبل ڈیتھ سرٹیفکیٹ طلب کرتی ہے، پولیس چیف نے نوٹس لے لیا،کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے شہر میں میتوں کی تدفین میں پولیس کی جانب سے رکاوٹ ڈالنے کا نوٹس لے لیا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ پولیس کا ایسا کوئی کام نہیں

کہ قدرتی وفات پر تدفین کا اجازت نامہ دے، نہ ہی قدرتی وفات پر پولیس ڈیتھ سرٹیفکیٹ طلب کر سکتی ہے، تمام ایس ایس پیز اپنے ایس ایچ اوز کو سختی سے پابند کریں۔کراچی پولیس چیف کی جانب سے عام بیماریوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تدفین میں پولیس کی جانب سے رکاوٹ کی شکایات کا نوٹس لیا گیا ہے۔پولیس چیف نے ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ اس عمل کو سختی سے روکا جائے۔انہوں نے تحریری ہدایت میں کہا کہ علاقہ پولیس میتوں کی تدفین کا اجازت نامہ جاری کر رہی ہے، اجازت نامہ جاری کرنے کے لیے ڈیتھ سرٹیفکیٹ طلب کیا جا رہا ہے۔کراچی پولیس چیف نے کہاکہ پولیس کا ایسا کوئی کام نہیں کہ قدرتی وفات پر تدفین کا اجازت نامہ دے، نہ ہی قدرتی وفات پر پولیس ڈیتھ سرٹیفکیٹ طلب کر سکتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام ایس ایس پیز اپنے ایس ایچ اوز کو سختی سے پابند کریں کہ یہ عمل فوری بند کیا جائے، محکمۂ صحت یا ڈپٹی کمشنر سے موصول کورونا مریض کی وفات کی اطلاع پر ہی تدفین کی کارروائی میں حصہ لیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر شکایات کے علاوہ ضلع غربی سے متعلق ایک ویڈیو اپ لوڈ ہوئی تھی، ویڈیو میں گورکن نے تدفین کے لیے پولیس کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ طلب کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close