گلگت (پی این آئی ) گلگت بلتستان کورونا وائرس پر قابو پانے والا پاکستان کا پہلا علاقہ بن گیا ۔ نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ہم نے وائرس پر قابو پا لیا ہے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ سب سے پہلا مریض ہمارے پاس آیا تھا ، جس کے بعد 60 لوگوں کے ٹیسٹ کئے گئے تاہم 6 مریض
نکلے، انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کورونا کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی۔پاک فوج اور وفاق نے ہماری بہت مدد کی۔ پاکستان بھر میں سخت لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبے میں کورونا وائرس سے بچاؤ اورلاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کو ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط کیا جائے گا۔حکومت کا مقصد کسی کے کاروبار کو بند کرنا نہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانا ہے۔لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران سماجی دوری اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنایاجائے۔ جو ماسک نہیں خرید سکتے ان کو مفت ماسک دیا جائے گا۔ بغیر ماسک باہر نکلنے والوں پر 100 روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ صوبے میں دکانوں کے اوقات کار میں 2 گھنٹے مزید نرمی کی جائے گی۔ ورکشاپس اور گارمنٹس کے دکانوں کو بھی شیڈول کے مطابق کھولا جائے گا۔تاجر برادری کو ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کا پابند بنایا جائے گا۔ استور میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ استور میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ موبائل وینٹی لیٹر اور موبائل ہسپتال فراہم کیا جائے۔ گلگت بلتستان میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی شرح دیگر صوبوں سے کم ہے لیکن تمام میڈیکل سٹاف کو حفاظتی کٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں