کورونا وائرس۔۔ حکومت بھی اکتا کر رہ گئی، پبلک ٹرانسپورٹ اور چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ

کراچی (پی این آئی) سندھ حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ اور چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ، سندھ حکومت نے انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ کی بحالی کے لیے ایس اوپیز تیار کرنا شروع کردی ہیں۔ سندھ حکومت نے اندرونِ شہر ٹرانسپورٹ سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انٹراسٹی ٹرانسپورٹ کی بحالی کے لیے ایس اوپی

بنائی جائے گی، وفاق کو سفارشات پیش کرنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے وزراء کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔سندھ حکومت نے پہلے مرحلے میں چھوٹی مارکیٹس کھولنے اور بڑے شہروں میں تجارتی مراکز فی الحال نہ کھولنے کی تجویز دی ہے جب کہ سندھ حکومت نے عیدالفطر کے لئے بھی ایس او پیز بنانے کی تجویز دی ہے۔ اجلاس اب سے کچھ دیر بعد وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگا، لاک ڈاؤن اور پابندیوں سے متعلق صوبوں کی تجاویز پر حتمی فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں ہوگا۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اب کریانہ اور سبزی کی دکان پر آنے والوں کے بھی ٹیسٹ کریں گے۔کورونا کی صورت حال سے متعلق اپنے وڈیو پیغام میں وزیر اعلی سندھ نے کہابدھ کو سندھ میں کورونا وائرس کے 451 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، 451 میں سے کراچی کی327 نئے کیسز کے ساتھ تعداد 6084 ہوگئی ہے، ضلع جنوبی سے 87 ، ضلع شرقی 74 ، ضلع وسطی میں 68 ، ضلع غربی 47 ، ملیر 26 اور کورنگی میں 25 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔اس کے علاوہ شکارپور میں 24، سکھر میں 19، شہید بینظیر آباد میں 15، لاڑکانہ میں 7، حیدرآباد میں 5، سجاول میں 4، گھوٹکی میں 3، سانگھڑ میں 2، میرپورخاص، مٹیاری اور دادو میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔ بیرون ملک سے 2369 تارکین وطن پہنچے جن میں 515 مثبت آئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا کے 24 گھنٹوں میں مزید 3671 ٹیسٹ کیے گئے، صوبے میں اب تک کورونا کے 72 ہزار 544 ٹیسٹ ہو چکے ہیں،ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب کریانہ اور سبزی کی دکان پر آنے والوں کے ٹیسٹ کریں گے، اب تک 1731 مریض صحت یاب ہوئے، جو کل تعداد کا 20 فیصد ہے، کورونا کے باعث مزید 9 اموات کے ساتھ تعداد 157 ہوگئی ہیں، 89 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جن میں سے 14 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close