اسلام آباد (پی این آئی) سینئیر صحافی عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو فون کر کے بتا دیا ہے کہ آپ کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ سینئیر صحافی نے بتایا ہے کہ جہانگیر ترین کو کلین چٹ دیدی جائے گی، ابھی تک کی تفتیش کے مطابق انکے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔
عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی کمشین کے سربراہ سے پوچھ لیں کہ کیا کوئی ثبوت ملا۔انہوں نے کہا کہ ایک خاص مقصد حاصل کرنے کیلئے یہ سب کیا جارہا ہے اگر وہ مقصد حاصل ہوگیا تو سیاست کا رخ کوئی اور ہوگا لیکن اگر مقصد حاصل نہ ہوسکا تو سیاست کا اونت کسی اور کروٹ بیٹھے گا۔دوسری جانب زلفی بخاری نے چینی اور آٹا بحران پر ایف آئی اے کی رپورٹ کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح کی باتیں لوگ کر رہے ہیں ایسی کوئی بات نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان اور جہانگیر ترین میں بہت پرانا اور مضبوط تعلق ہے اور میرے نزدیک اس بات میں کوئی حقیقت نہیں کہ وہ اپنی علیحدہ پارٹی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے پہلے بھی پی ٹی آئی کی خدمت کی ہے اور یقین ہے کہ آئندہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں، اور دونوں کے درمیان ایک قریبی تعلق ہے اور ابھی تو ابتدائی انکوائری رپورٹ آئی ہے جب تک مکمل کیس کھل کر سامنے نہیں آئے گا وزیر اعظم جہانگیر ترین کے متعلق کوئی غلط فہمی قائم نہیں کریں گے۔انہوں نے وفاقی کابینہ میں اختلافات کی خبروں کی بھی تردید کی اور کہا کہ میڈیا غلط انداز میں خبروں کو پیش کرتا ہے دو لوگوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے آپس میں اختلافات ہیں اور وہ دونوں ہی اکٹھے بیٹھ کر ان خبروں کو دیکھ رہے ہوتے ہیں تو میرے خیال میں میڈیا کو پہلے سے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں