اسلام آباد (پی این آئی) ملک کے 4 شہروں سے مقامی پروازوں کا آغاز کیے جانے کا امکان، ہوا بازی ڈویژن نے تمام شیڈول اور باقاعدہ ملکی پروازیں دوبارہ شروع کر نے کا اصولی فیصلہ کر لیا، حتمی منظوری ایک سے دو روز میں دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی ڈویژن غلام سرور خان نے کہا ہے
کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے اجلاس میں تمام صوبائی و علاقائی سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تمام شیڈول اور باقاعدہ ملکی پروازیں دوبارہ شروع کر نے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہ حتمی منظوری وزیراعظم عمران خان دیں گے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ اگر اندرون ملک پروازوں کی اجازت مل گئی تو ہمارا ارادہ ہے کہ کراچی، پشاور، کوئٹہ، لاہور کے درمیان مختلف پروازیں چلائی جائیں۔غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ عوام کی فرمائش تھی کہ اندرون ملک ریگولر شیڈولڈ فلائٹس شروع کی جائیں، یہ چیز این سی او سی کے اجلاس میں زیر غور آئیں جبکہ یہ معاملہ پہلے بھی کئی فورمز پر زیر غور آ چکا ہے۔این سی او سی کے اجلاس میں مختلف اداروں کے سربراہان و افسران کے علاوہ مختلف وزارتوں کے وزراء بھی شامل تھے۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف ایگزیکٹوز اور دو اکائیوں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف ایگزیکٹوز بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اندرون ملک پروازیں شروع کر دی جائیں لیکن حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے کرنا ہے اور قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بھی یہ معاملہ زیر بحث لایا جائے گا۔ ہمارا مقصد لوگوں کیلئے آسانی پیدا کرنا ہے لیکن ساتھ ساتھ لوگوں کی جانوں کا خیال بھی رکھنا ہے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ عوام کو بھی چاہیے کہ حکومت وقت جو بھی فیصلہ کرے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں