کراچی(پی این آئی)وفاقی حکومت گیس، بجلی کے 2 ہزار روپے تک والے بل معاف کر دے، سعید غنی نے گیند پی ٹی آئی کی طرف پھینک دی،وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نےکہا ہے کہ تحریک انصاف والے ہمیں کاروبار کھولنے کی دھمکی نہ دیں۔کراچی میں پیپلز پارٹی کے صوبائی وزراء نے پریس کانفرنس کی۔ اس
موقع پر سعید غنی نے کہا کہ وفاق کی جانب سے مارکیٹ اور مالز بند کرنے کی تجویز این سی او سی کو دی گئی۔انہوں نے کہا کہ وفاق کے پاس گیس اور بجلی کے بل معاف کرنے کا اختیار ہے، مرکزی حکومت سے گزارش ہے کہ وہ 2 ہزار تک آنے والے بل معاف کردیں۔سعید غنی نے کہا کہ کاروباری مالکان اسٹیٹ بینک کی اسکیم سے قرض لے کر ملازمین کو تنخواہیں دے سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے گزارش ہے یہ قرضے بلاسود یا کم شرح سود پر دیے جائیں کیونکہ کاروبار بند ہونے سے مالکان کما نہیں پارہے ہیں۔وزیرتعلیم سندھ نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے وقت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا تھا کہ فیکٹری ملازمین کو تنخواہیں دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا تھا کہ کسی کو نوکری سے نہیں نکالیں گے، ہمیں کئی جگہوں سے شکایات آئیں، انہیں ہم نے حل بھی کیا۔سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ لیبر ڈپارٹمنٹ سے 79 شکایات آئیں، جن میں سے 73 تنخواہ نہ دینے سے متعلق تھیں، 53 شکایات حل کرلیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ شکایت بھی آئی کہ کئی جگہوں پر ملازمین کو ڈرا کر استعفیٰ مانگا گیا۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت اسکولوں کو یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ 20 فیصد رعایت دیں، والدین سے گزارش ہے کہ جو اسکول رعایت دے رہے ہیں، اس کا فائدہ اٹھائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں