کراچی(پی این ٓئی)کاروبار کی بندش، کراچی میں تاجروں اور جماعت اسلامی کا احتجاجی مظاہرہ، آن لائن کاروبار دھوکہ ہے،کراچی: جماعت اسلامی اور تاجروں کی جانب سے سندھ حکومت کی جانب سے کاروبار کی بندش کے خلاف فائیو اسٹار چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔گزشتہ روز جماعت اسلامی کراچی کی
جانب سے سندھ حکومت کو الٹی میٹیم دیا گیا تھا کہ اگر سندھ حکومت نے 5 مئی سے کاروبار کھولنے کا اعلان نہ کیا تو احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ جماعت اسلامی کے الٹی میٹم کے بعد آج کراچی کی فائیو اسٹار چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں تاجروں اور ان کے خاندان کے افراد نے شرکت کی۔احتجاج کے موقع پر پولیس کی نفری بھی فائیو اسٹار چورنگی پر موجود تھی۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام کو کوئی بھی سہولت فراہم نہیں کی جارہی اور آن لائن کاروبار دھوکا ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور تاجر نہ لڑنا چاہتے ہیں اور نہ ہی امن و امان خراب کرنا چاہتے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ موجودہ حالات میں کوئی محاذ آرائی پیدا ہو لہٰذا حکومت ہوش کے ناخن لے اور کراچی کے تاجروں اور دکانداروں کو کاروبار کرنے اور مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بدھ کو شہر کے مختلف مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ جمعرات کو ادارہ نورحق میں آل کراچی تاجر کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی کراچی کے تاجروں نے دکانیں کھولنے کی کوشش کی تھی جس پر آل سٹی تاجر اتحاد کے رہنما حماد پونا والا سمیت 6 افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔سندھ حکومت نے تاجروں کو کاروبار کرنے کی مشروط اجازت دی تھی تاہم کراچی سمیت سندھ بھر میں آن لائن کاروبار شروع نہ ہوسکا تھا۔سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے باعث صوبے میں نافذ لاک ڈاؤن پورے رمضان تک بڑھادیا ہے تاہم لاک ڈاؤن پر بظاہر عمل ہوتا نظر نہیں آرہا اور محض کاروبار بند ہے جبکہ لوگ بغیر احتیاطی تدابیر کے سڑکوں پر نکل رہے ہیں اور ٹھیلوں سے خریداری بھی کررہے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں