کراچی(پی این آئی):سپریم کونسل آف ٹریڈرز نے کاروبار کھولنے کیلئے 15رمضان کی ڈیڈ لائن دوبارہ دیدی ، سپریم کونسل آف ٹریڈرز نے ایک بارپھر کاروبار کھولنے کی تاریخ دے دی۔سپریم کونسل آف ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ 15 رمضان المبارک سے کاروبار کھول دیں گے اور ساری تنظیموں کے اتفاق سے کاروبار کھولنے کا
اعلان کیا ہے۔اس موقع پر تاجر رہنما شرجیل گوپلانی کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر ناصرشاہ نے فون پر 3 دن میں طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کاروبار کھولنے کی بات کی ہے۔قبل ازیں خبریں سامنے آئی تھیں کہ سندھ حکومت عید شاپنگ کیلئے 15 رمضان کے بعد لاک ڈاؤن مزید نرم کرے گی۔دوسری جانب جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے بھی تاجر رہنماؤں کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سندھ کو مارکیٹیں اور صنعتیں کھولنے کا الٹی میٹم دیا ہے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کل سے کراچی میں مارکیٹیں اور صنعتی مراکز کھولنے کا اعلان کرے ورنہ کل سے احتجاجی تحریک شروع کردیں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی کراچی کے تاجروں نے دکانیں کھولنے کی کوشش کی تھی جس پر آل سٹی تاجر اتحاد کے رہنما حماد پونا والا سمیت 6 افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔گزشتہ ہفتے بھی سندھ حکومت نے تاجروں کو کاروبار کرنے کی مشروط اجازت دی تھی تاہم کراچی سمیت سندھ بھر میں آن لائن کاروبار شروع نہ ہوسکا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں