کراچی میں ایک اور ڈاکٹر کورونا سے جنگ ہار گیا، ورثاء ایمبولنس میں ڈال کر 2 گھنٹے وینٹی لیٹر تلاش کرتے رہے لیکن افسوس

کراچی (پی این آئی)کراچی میں ایک اور ڈاکٹر کورونا سے جنگ ہار گیا، ورثاء ایمبولنس میں ڈال کر 2 گھنٹے وینٹی لیٹر تلاش کرتے رہے لیکن افسوس،کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹر فرقان جان کی بازی ہار گئے۔سینیئر میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کے مطابق 60 سال کے ڈاکٹر فرقان نجی اسپتال میں خدمات

انجام دے رہے تھے جہاں وہ مہلک وائرس سے متاثر ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر فرقان کی اہلیہ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ڈاکٹر فرقان کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزز (کے آئی ایچ ڈی) سے ایک ماہ قبل ریٹائر ہوئے تھے۔ دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فرقان 4 دن قبل کورونا کا شکار ہوئے تھے اور انہیں 24 گھنٹے قبل وینٹی لیٹر کی اشد ضرورت پڑی لیکن ایس آئی یو ٹی اور انڈس اسپتال سمیت کہیں وینٹی لیٹر پر جگہ موجود نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ اہل خانہ 2 گھنٹے سے زائد ڈاکٹر فرقان کو ایمبولینس میں لیکر وینٹی لیٹر تلاش کرتے رہے اور بلآخر وہ مردہ حالت میں اوجھا اسپتال پہنچائے گئے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے متعدد ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف مہلک وائرس کا شکار ہوچکا ہے جبکہ اب تک 3 ڈاکٹر مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close