کرونا وائرس کا چیلنج طویل ہونے لگا، حکومت نے اسمارٹ لاک ڈائون کی طرف جانے کا اعلان کر دیا، اہم تفصیلات آگئیں

” ملتان (پی این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک لمبا لاک ڈائون برداشت نہیں کر سکتا،کرونا وائرس کا چیلنج طویل ہو سکتا ہے ،ہمیں اپنی حکمت عملی اپنے ماحول کے مطابق بنانی پڑے گی، ہم نے کورونا ، غربت اور بھوک کے خلاف لڑائی لڑنی ہے،کورونا وائرس کا دنیا پر

ٹریلین ڈالرز کا امپیکٹ ہوگا جس کے اثرات دوسرے ملکوں پر بھی پڑیں گے، حکومت ایک بڑی تصویر کو سامنے رکھ کر فیصلے کر رہی ہے ،ہم اب اسمارٹ لاک ڈائون کی طرف جائیں گے تاکہ معیشت بھی چل سکے ،وزیر اعظم عمران خان کرونا کے حوالے سے ہر لمحے کی ڈویلپمنٹ سے با خبر ہیں، مشکل حالات میں ہمارے طبی عملے نے کورونا کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کیا،ڈاکٹرز کی ہمت اور جرآت کو سلام پیش کرتا ہوں، بھارت کو بدقسمتی سے کوئی احساس نہیں کہ دنیا کس مشکل سے گزر رہی ہے ، کورونا وائرس سے بھارتی رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، مقبوضہ کشمیر میں ظلم جاری ہے، بھارتی فوجی گھروں میں گھس کر بے گناہ کشمیریوں پر تشدد کرتے ہیں اور ان کی لاشیں بھی اہل خانہ کو واپس نہیں کرتے، عالمی برادری نوٹس لے، چین نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے پاکستان کی بہت مدد کی ہے۔وہ اتوار کے روز سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(سمز) میں کرونا وائرس پر کئے گئے اقدامات پر بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے ملک کا جھنڈا بلند کئے ہوئے ہیں۔ وہ سمز کی انتظامیہ کو کیمپ جیل میں 100بستروں کا ہسپتال قائم کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس سمیت دیگر عملہ حقیقی مبارکباد کا مستحق ہے۔انہوںنے کہاکہ دنیا میں پاکستانی ڈاکٹرز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، آج بھی دو پاکستانی ڈاکٹرز کی برطانیہ میں کورونا کے باعث شہادت ہوئی ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ ہماری معیشت لمبے دورانیے کا لاک ڈائون برداشت نہیں کرسکتی، ہمیں صورتحال کے مطابق حکمت عملی بنانی ہوگی کیوں کہ ہمیں کورونا کے ساتھ غربت کیخلاف بھی لڑنا ہوگا۔ہم سمجھتے ہیں کہ کورونا وائرس کا چیلنج لمبا ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے امریکہ میں بھی بحث جاری ہے کہ لاک ڈاوًن کس نوعیت کا ہوناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاوًن کے جہاں فوائد ہیں وہاں نقصانات بھی ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ کورونا کا مسئلہ ایک سال بھی چل سکتا لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہماری معیشت لمبے عرصے کا لاک ڈائون برداشت کر سکتی ہے۔ ہمارے لیے یہ بھی چیلنج ہے کہ کیا ہمارے ملک کا نظام صحت بوجھ برداشت کر سکتا ہے یا نہیں۔ہماری حکومت ایک بڑی تصویر کو سامنے رکھ کر فیصلے کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اب اسمارٹ لاک ڈائون کی طرف جائیں گے تاکہ معیشت بھی چل سکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت پل پل کے حالات سے باخبر ہے،حکومت نے نیک نیتی سے انسانی جانوں کو محفوظ کرنے کے لئے لاک ڈائون کا فیصلہ کیا لیکن ہمیں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ معیشت کے چیلنج کا بھی سامنا ہے جس کو بیلنس کرنا مشکل ہے، امریکہ میں بحث چل رہی ہے کہ لاک ڈائون کا دورانیہ کیا ہونا چاہیے جس سے غریب عوام متاثر نہ ہو۔کورونا وائرس کے دبائوکے لحاظ سے سمارٹ لاک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایکسپو سنٹر

میں مریضوں کے احتجاج کا وزیراعلی پنجاب نے نوٹس لیا ہے جس کے لئے تحقیقات ہوں گی۔پنجاب میں سب سے بڑا قرنطینہ سنٹر ملتان میں قائم کیا گیا جہاں تافتان کے 1250مریضوں کو 15دن رکھا گیا۔جس کے لئے ملتان کی انتظامیہ سول ڈیفنس سمیت دیگر ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی کو نہیں پتہ یہ کورونا وائرس 6ماہ یا سال چلے گا،ملکی معیشت طویل لاک ڈائون کی متحمل نہیں ہو سکتی اس کے لئے ہمیں حکمت عملی بنانا پڑے گی ہمیں کورونا اور بھوک دونوں محاذوں پر لڑائی لڑنی ہے۔تاجر تنظیموں کے حالات بہت خراب ہیں۔کاروبار بند ہے۔ سفید پوش اور چھوٹے تاجروں کے لئے ہمیں سوچنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بدقسمتی سے ہندوستان نے کورونا وائرس سے سبق نہیں سیکھا ،بھارت کو احساس نہیں کہ وہ اس مشکل حالات میں کشمیریوں پر ظلم و جبر کر رہا ہے وہاں انٹرنیٹ کی سہولیات معطل ہیں اور کشمیریوں کو گھروں میں گھس کر شہید کیا جا رہا ہے اور سب سے ظلم کی بات یہ ہے کہ لاشوں کو بھی لواحقین کے سپرد نہیں کیا جاتا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بات کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ چین نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی جس کے لئے چینی صدر اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس عالمی وباء کے طور پر سامنے آئی جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا اور معیشت پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں ، برآمدات میں کمی ہوئی۔یورپ اور امریکہ کی منڈیاں بند ہونے سے نقصان ہوا۔ ملکی زرمبادلہ میں کمی ہوئی۔ بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ، خام تیل کی قیمتیں نیچے آئیں،وہاں اس وقت سلو ڈائون ہے،گروتھ کم ہوگی ، کورونا وائرس کا دنیا پر ٹریلین ڈالرز کا امپیکٹ ہوگا جس کے اثرات دوسرے ملکوں پر بھی پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلاامتیاز احتساب پر یقین رکھتی ہے ،آٹا ، چینی اسکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ بہت جلد آ جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close