اسلام آباد(پی این آئی):معاشی عمل تیز اور تیز، وزیر اعظم کا بڑے اقدامات کرنے کا فیصلہ، ملاقاتیں اور صلاح مشورے جاری، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کنٹرول کرنے کیلئے سارے وسائل استعمال کر رہے ہیں اور بہتر حکمت عملی کے تحت خوف کی فضا ختم ہو رہی ہے۔وزیراعظم عمران خان
سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی ہے جس میں ملکی موجودہ صورت حال سمیت آئینی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔گڈ گورننس اور انتظامی معاملات میں بہتری کیلئے مختلف تجاویز پربھی مشاورت کی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے پیش نظرعوامی ریلیف کیلئے حکومتی فیصلوں پر بھی بات چیت ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران ملک میں سب سے بڑا چیلنج عام آدمی تک فوری ریلیف پہنچانا تھا اور مجھے خوشی ہے کہ معاشی ٹیم نے بروقت ہنگامی ایکشن پلان ترتیب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی عمل مزید تیز کرنے کیلئے بڑے اقدامات کرنے جا رہے ہیں۔مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ مشکل صورت حال میں حکومت نے تدبر کا مظاہرہ کیا اور ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب دوست ریلیف پیکجزدئیے گئے ہیں۔بابراعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس عوامی منشور نہیں صرف الزام کی سیاست کی جا رہی ہے۔ مشیر پارلیمانی امور نے پارلیمنٹ میں قانون سازی جاری رکھنے کیلئے مختلف آپشنز سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں پارلیمنٹ کا اجلاس بلائے جانے کے معاملے پر بھی مشاورت۔ ڈاکٹربابر اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے سے پہلے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا ہوں گے۔ اس معاملے پر این ڈی ایم اے اور این سی او سی سے رابطے میں ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں