پیٹرول سستا ہوتے ہی ملک میں پیٹرول کا بحران کھڑا ہوگیا، آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن کا تشویشناک انکشاف

کراچی (پی این آئی) ملک کی تمام پٹرولیم کمپنیوں کے پاس پیٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ ختم ہو جانے کا دعویٰ، آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن کا بتانا ہے کہ ملک میں پیٹرول کا بحران کھڑا ہوگیا، کیماڑی سے پیٹرول پمپوں کو سپلائی معطل ہوچکی، ریٹ کی کمی کی اطلاعات کے باعث تمام کمپنیز نے اپنے اسٹاک کم

ترین سطح پر رکھے ہوئے تھے۔تفصیلات کے مطابق ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دیے جانے کے بعد اب قلت کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں تشویش ناک دعویٰ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس وقت ملک میں پیٹرول کا بحران کھڑا ہو چکا ہے۔ قیمتوں میں کمی کی اطلاعات کے باعث تمام پٹرولیم کمپنیوں کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کے ذخائر کو کم ترین سطح پر رکھا گیا تھا۔مقامی ریفائنریز نے بھی اسٹوریج نہ ہونے کے باعث اپنے آپریشن معطل کیے ہوئے تھے۔ اب یہ ذخائر ختم ہو جانے کے باعث کیماڑی سے پیٹرول پمپوں کو سپلائی معطل ہوچکی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی صورت حال بہتر ہونے میں ایک سے دو دن لگ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت نے یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر تک کمی کا اعلان کیا تھا۔پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 27روپے15 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے کمی کر دی گئی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 81روپے58 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 27روپے15پیسے کمی کے بعد80روپے10پیسے، مٹی کا تیل 30 روپے کمی کے بعد 47 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں