کراچی(پی این آئی)بہت ہو گیا لاک ڈاؤن، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا 5 مئی سے سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ لانے کا اعلان، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے 5 مئی کو پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر لانے کا اعلان کردیا۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے اعلان کیا ہے کہ 5 مئی کو پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں و
چوراہوں پر لے آئیں گے اور ہر راست قدم اٹھائیں گے، اس دوران حالات خراب ہونے کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی، اور اگر صوبائی حکومت اس عمل کو بزور قوت دبانا چاہتی ہے تو ٹرانسپورٹرز کو گرفتاریوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا تھا کہ موجودہ فیصلوں کی وجہ سے غریب ٹرانسپورٹرز اورورکرز فاقوں سے دوچار ہوچکے ہیں، جب کہ صوبائی حکومت لاک ڈاؤن کرکے بین الاقوامی دنیا میں شہرت حاصل چاہتی ہے۔ارشاد بخاری نے بتایا کہ چند روز قبل ٹرانسپورٹر نے وفد کے ہمراہ وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ اور وزیر تعلیم سعید غنی سے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے تجویز دی گئی کہ اگر گاڑیاں چلانے کے لیے حالات اجازت نہیں دیتے تو وزیر اعلٰی سے کہہ کر ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹ ورکروں کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے، تاہم سعید غنی نے جواب دیا کہ مرکز نے ہماری کوئی مدد نہیں کی لہزا ہمارے پاس فنڈ ختم ہوگئےہیں، امدادی پیکج کا اعلان تو نہیں کرسکتے البتہ دو تین دن تک آپ کو ایس او پیز کے تحت گاڑیاں چلانے کی اجازت دیں گے۔ارشاد بخاری نے مزید بتایا کہ دو دن بعد وزیر ٹرانسپورٹ نے سندھ ایئر کنڈیشنڈ بس اونرز ایسوسی ایشن کو بلا کر کہا کہ ہم گاڑیاں چلانے کی اجازت ہرگز نہیں دے سکتے، اور پھرٹھیک ایک دن کے بعد وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کے عوام کو مژدہ سنایا کہ لاک ڈاون 23 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے، جس کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 5 مئی کو اپنی گاڑیوں کو چوراہوں پر لاکر کھڑا کرکے ہر راست اقدام اٹھائیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں