اسلام آباد (پی این آئی) کورونا سے متاثر ہونے والے 26فیصد مریض مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے 26فیصد مریض مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ قرنطینہ سینٹرز میں رکھے گئے
14 فیصد افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، قرنطینہ سینٹرز میں رکھے گئے 41 ہزار افراد کے ٹیسٹ موصول ہو چکے ہیں۔پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 17 ہزار 699 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت کے ڈاکٹرز کو ٹریننگ دی جا رہی ہے، ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزارت صحت نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی پر کوئی سوال نہیں اٹھایا اور میڈیا کو غیر ذمہ دارانہ خبر نشر کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔انہوں نے وضاحت کی کہ جس مراسلہ کو جواز بنا کر متعلقہ نیوز چینل نے وزارت صحت سے متعلق خبر نشر کی اس میں ایسی کوئی بات نہیں تھی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ بتدریج ان شبعوں کو پابندیوں سے آزاد کیا جا رہا ہے جہاں وائرس کے پھیلنے کے امکان نسبتاً کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ شبعوں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد نہیں کیا گیا تو ممکنہ فوائد حاصل نہیں ہوں گے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ایک طرف بیماری کے پھیلاؤ کو روکنا چاہتے ہیں اور دوسری طرف معیشت کا بحال دیکھنا چاہتے ہیں۔مزید برآں حکومتی اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں اب تک ایک لاکھ 82 ہزار131کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں7 ہزار 971 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں 622 مزید افراد میں کورونا وائرس مثبت آیا ہے، اس کے ساتھ ملک کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 17 ہزار 439 ہوگئی ہے۔اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 6 مریض انتقال کرگئے۔ جس سے مجموعی اموات کی تعداد391 ہوگئی ہے۔ اب تک ملک بھر میں 4 ہزار 315 مریض مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔ صحت یاب مریضوں کو نکال کر پاکستا ن میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 13ہزار 656 رہ گئی ہے۔ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 6340 تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں کورونا کیسزکی تعداد 6053 ہوگئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں کیسز کی تعداد 2627، بلوچستان میں1049، اسلام آباد میں 343، گلگت بلتستان میں 339 کیسز، آزاد کشمیر میں کیسز 66 رپورٹ ہوچکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس کے متاثرین میں مقامی پھیلاؤ 84 فیصد جبکہ غیرملکی سفری پھیلاؤ 16 فیصد ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں