جان کی پرواہ نہیں، اسد عمر اسلام آباد میں کورونا سے سیل کیے گئے علاقوں کے دورے پر پہنچ گئے

اسلام آباد(پی این آئی):جان کی پرواہ نہیں، اسد عمر اسلام آباد میں کورونا سے سیل کیے گئے علاقوں کے دورے پر پہنچ گئے، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام آباد کے کورونا وائرس کی وجہ سے سیل کیے جانے والے علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ سے درپیش صورتحال پر تفصیلی بریفنگ

لی۔ میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر اسلام آباد کے سیکٹرز آئی ٹین ون اور آئی ٹین فور کے اچانک دورے پر پہنچے اور سیل کیے گئے علاقوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے اس موقع پرضلعی انتظامیہ سے صورتحال معلوم کی اور اٹھائے جانے والے حکومتی و انتظامی اقدامات کی بابت آگاہی بھی حاصل کی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث مذکورہ دونوں علاقوں کو سیل کردیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق مذکورہ علاقوں کو سیل کرنے کے بعد رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ڈی سی اسلام آباد کے مطابق سیکٹر آئی ٹین کو 28 کیسز سامنے آنے پر سیل کیا گیا ہے۔سیل کیے جانے والے علاقوں کے مکینوں کو گھروں سے باہر نکلنے سے روک دیا گیا ہے کیونکہ علاقے کے تمام رہائشیوں کا مکمل چیک اپ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میڈیا کے مطابق سیل کیے جانے والے سیکٹروں سے لوگوں کے باہر جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے جب کہ داخل ہونے والے افراد کے تمام کوائف چیک کیے جا رہے ہیں۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اس سے قبل بھارہ کہو اور شہزاد ٹاؤن کے علاقوں کو کورونا وائرس کی وجہ سے سیل کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں