بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض کی طرف سے بیروزگاروں کے لئے راشن کی تقسیم شروع

اسلام آباد (پی این آئی)بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض کی طرف سے بیروزگاروں کے لئے راشن کی تقسیم شروع، چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اور لاک ڈائون کی وجہ سے ہمارے لاکھوں نوجوان بیروزگار ہیں‘ وہ اپنے بیوی بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی بھی نہیں کما پا رہے۔ انشاء

اللہ وہ اربوں روپے خرچ کر کے کسی پاکستانی کو بھوک سے نہیں مرنے دینگے۔ اپنے جملہ وسائل جو اللہ تعالیٰ نے انہیں دے رکھے ہیں وہ سارے وسائل خرچ کر کے بھی راولپنڈی اسلام آباد‘ کراچی‘ لاہور کی غریب بستیوں میں اپنے ٹرکوں کے قافلے بھجوا کر ضرورتمند‘ بیروزگار خاندانوں میں ہزاروں روپے مالیتی راشن کے بیگز تقسیم کرینگے اور یہ سلسلہ انہوں نے ہنگامی بنیادوں پر شروع کرا دیا ہے۔ بحریہ ٹائون کے درجنوں ٹرک امدادی کاموں کیلئے مخصوص کر دیئے گئے ہیں۔ ہر راشن بیگ میں روزمرہ استعمال کیلئے آٹا‘ چینی‘ چاول‘ دالیں‘ کوکنگ آئل‘ خشک دودھ‘ کھجوریں اور دیگر مہینے بھر کیلئے ضروری اشیاء رکھی جاتی ہیں۔ راشن تقسیم کے دوران اور دستر خوانوں میں کورونا سیفٹی پروٹوکول کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ بحریہ ٹائون کی ٹیمیں بیحد ذمہ دار ہیں‘ اسکے باوجود وہ راولپنڈی اسلام آباد کے دیہات‘ لاہور کی غریب بستیوں‘ کراچی کے غریب اور دیہی علاقوں میں وہ بحریہ ٹائون کے ٹرکوں کے قافلوں کے ذریعے راشن کی تقسیم کو خود بھی اچانک جا کر دیکھتے ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے بحریہ ٹائون کا سینکڑوں افراد پر مشتمل عملہ بڑی دیانتداری سے غریب پاکستانیوں کی آڑے وقت میں خدمت کرنے میں مصروف ہے۔ ملک ریاض حسین نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ساتھ وہ مسلسل رابطے میں ہیں۔ این ڈی ایم اے کے سربراہ غریبوں کی جن بستیوں کی فہرستیں دیتے ہیں بحریہ ٹائون کی ٹیمیں اگلے ہی روز وہاں پہنچ کر رمضان راشن بیگز تقسیم کرتی ہیں اور یہ سلسلہ آخری روزے تک چلے گا۔ عید کے بعد سفید پوش لاکھوں لوگوں کیلئے مفت کھانے کے دستر خوان شروع ہو جائینگے جہاں پر اعلیٰ معیار کا کھانا کرسی میز پر مستحق‘ سفید پوش لوگوں کو پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ ان دستر خوانوں پر روزانہ لاکھوں پاکستانیوں کو باعزت طریقے سے مفت کھانا پیش کیا جاتا ہے اور کسی سے یہ نہیں پوچھا جاتا کہ وہ مستحق ہے یا کہ نہیں۔ ملک ریاض حسین کی خصوصی ہدایت پر بحریہ ٹائون کے ذمہ دار شعبے نے اسلام آباد‘ لاہور اور کراچی کے دور افتادہ دیہات میں یومیہ 15ہزار مستحق‘ غریب خاندانوں کو پورے مہینے کا راشن تقسیم کرنا شروع کر دیا ہے۔ بحریہ ٹائون کراچی رمضان کے علاوہ پورا سال روزانہ کی بنیاد پر 200سے زائد راشن بیگز ضرورت مندوں میں تقسیم کر رہا ہے۔ لاہور میں 8ہزار سے زائد مستحق غریب خاندانوں میں بحریہ ٹائون رمضان المبارک کے پورے مہینے کا راشن تقسیم کر رہا ہے۔ بحریہ ٹائون راولپنڈی‘ اسلام آباد جڑواں شہروں کے 25سے زائد دیہات‘ قصبات میں یومیہ 25سو سے زائد خاندانوں میں مہینے بھر کا راشن تقسیم کرنے لگا ہے۔ اس میں آٹا‘ چینی‘ چاول‘ گھی‘ دالیں‘ خشک دودھ‘ کھجوریں اور دیگر اشیاء خصوصی انتظامات کے تحت تقسیم کر رہا ہے۔ بحریہ ٹائون کی ترجمان ندا ظہور نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے 36موٹر گاڑیوں کے قافلے نے ایک شیڈول تیار کیا ہے جس کے مطابق وہ ہزاروں خاندانوں کیلئے یومیہ راشن کی تقسیم جاری رکھے ہوئے ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close