وزیراعظم عمران خان کی قائم کردہ ٹائیگر فورس آج سے آپریشنل ہو جائے گی، عثمان بزدار باقاعدہ آغاز کریں گے

لاہور(پی این آئی)وزیر اعظم عمران خان کی قائم کردہ ٹائیگر فورس آج سے آپریشنل ہو جائے گی، عثمان بزدار باقاعدہ آغاز کریں گے،وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن مکمل ہوگیا، آج سے آپریشنل ہوگی۔وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس کی سافٹ

لانچنگ کا تجربہ کامیاب رہا ہے جس کے بعد آج وزیر اعلیٰ عثمان بزدار فورس کا با ضابطہ آغاز کریں گے۔عثمان ڈار نے بتایا کہ نوجوانوں نے قومی جذبے کے تحت محنت اور لگن سے ذمہ داری پوری کی ہے، ہم مرحلہ وار ملک بھر کے نوجوانوں کو مکمل طور پر متحرک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ طلبا، سوشل ورکرز، اساتذہ، انجینئرز اور ڈاکٹرز ٹائیگر فورس میں شامل ہوئے ہیں، جبکہ صحافی، قانون دان، میڈیکل ورکرز اور این جی اوز سے وابسطہ افراد نے بھی اس میں رجسٹریشن کروائی ہے۔ عثمان ڈار نے بتایا کہ سیالکوٹ سے 20 ہزار سے زائد نوجوان ٹائیگر فورس کا حصہ بنے ہیں، ابتدائی طور پر سیالکوٹ میں نوجوانوں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مساجد اور یوٹیلیٹی اسٹورز کے باہر تعینات کیا گیا ہے، رضاکاروں پر مشتمل فورس کو ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کا تعاون بھی حاصل ہوگا۔معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ مساجد اور یوٹیلیٹی اسٹورز میں سوشل ڈسٹنسنگ اور حکومتی گائیڈ لائنز کو یقینی بنایا جا رہا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز میں مطلوبہ سامان میسر نہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ کو شکایت کی جا سکے گی۔واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے پریشان حال غریبوں کو گھر پر کھانا پہنچانے اور اس وائرس کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے رضاکاروں پر مشتمل کورونا ریلیف ٹائیگر فورس تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close