کراچی (پی این آئی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کورونا کی عالمی امداد کی صوبوں میں منصفانہ تقسیم کی جائے، وفاقی حکومت کے معاشی ریلیف پیکج کو ناکافی ہے، بےروزگاروں کیلئے رقم 12 ہزار سے بڑھا کر 17500 روپے کی جائے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی کا اجلاس
ہوا، اجلاس میں رضاربانی، نوید قمر، شازیہ مری، چودھری منظوراور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ٹڈی دل کے حملے کا خطرہ ایک بار پھرموجود ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹڈی دل کے خطرات کو سامنے رکھتے ہوئے وفاقی حکومت جامع منصوبہ بندی کرے۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت کے معاشی ریلیف پیکج کو ناکافی قرار دے دیا۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بےروزگاروں کیلئے رقم 12 ہزار سے بڑھا کر 17500 روپے کی جائے۔ غیرمعمولی صورتحال میں وفاق کا فرض ہے وہ صوبوں کی مدد کرے۔ پوری دنیا میں وفاقی حکومتیں اپنے صوبوں کی مدد کر رہی ہیں۔این ایف سی کی مد میں کٹوتی نہیں ہونے دیں گے۔ وفاق صوبوں کے فنڈز میں کٹوتی کا سوچنے کے بجائے اپنے اخراجات کم کرکے پیسے صوبوں کو دے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی مد میں ملنے والی عالمی امداد کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے۔ وفاق تمام صوبوں کی صحت کی سہولیات میں اضافہ کرے۔مزید برآں 18 ویں ترمیم کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ علامیہ جاری کردیا، اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور دوسری جماعتوں کے رہنماؤں نے سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان سے رابطے کیے ہیں، رابطوں میں ملک کی آئندہ کی سیاسی صورتحال ، کورونا وائرس کی صورتحال میں عوامی مسائل، اور ان تمام گھمبیر مسائل کی موجودگی میں حکومت کی جانب سے 18 ویں ترمیم کو ختم کرنے کو سازش قرار دیا گیا۔سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اپوزیشن کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ 18 ویں ترمیم کیخلاف حکومت کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کا صوبوں کے حقوق کے تحفظ پر اتفاق ہوچکا ہے، اپوزیشن جماعتیں ملکراین ایف سی ایوارڈ پر صوبوں کے حقوق کا ہر حال میں دفاع کریں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں