اسلام آباد(پی این آئی)مزدور اتحاد زندہ باد، یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کے احتجاج نے کام دکھا دیا، تنخواہوں میں اضافہ منظور،یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کی ہڑتال کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں اور ملازمین کی یومیہ اجرت اور تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔مستقل اورکنٹریکٹ ملازمین کی بنیادی
تنخواہ میں 10 فیصد جبکہ ڈیلی ویجرز کی یومیہ اجرت میں 240 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیلی ویجز ملازمین کی یومیہ اجرت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2019 سے ہوگا اور ملازمین کو مارچ 2020 تک کے بقایا جات اقساط میں ادا کیے جائیں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انڈرمیٹرک اور میٹرک کی تعلیمی قابلیت والے ڈیلی ویجرز کی یومیہ اجرت 550 روپے سے بڑھا کر675 روپے جبکہ انٹرمیڈیٹ اور ڈرائیورز کی یومیہ 650 روپےسے بڑھا کر780 روپے مقرر کردی گئی ہے۔نوٹفکیشن کے مطابق گریجویشن اور ایم اے پاس ملازمین کی یومیہ اجرت میں 140 روپے کا اضافہ کیا گیا اور ان کی یومیہ اجرت 700 روپے سے بڑھا کر 840 روپے کردی گئی ہے۔ایم بی اے، ایم پی اے، ایم کام اورایم ایس پاس ملازمین کی یومیہ اجرت میں 180 روپے کا اضافہ کیا گیا اور ان کی یومیہ اجرت 900 سے بڑھاکرایک ہزار80 روپے مقرر کی گئی ہے۔ایم فل، ایم ایس یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت والے ڈیلی ویجز ملازمین کی یومیہ اجرت میں 240 روپے کا اضافہ کیا گیا اور ان کی یومیہ اجرت 1200 روپے سے بڑھاکر 1440 روپے کردی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہیڈ آفس، زونل دفاتر اور مختلف پروجیکٹس پر چھٹی کے دن کام کرنے والےڈیلی ویجرز کو اضافی پیسے دیے جائیں گے۔مستقل اورکنٹریکٹ ملازمین کے ایڈہاک ریلیف میں 10 فیصد اضافہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے مستقل اورکنٹریکٹ ملازمین کے ایڈہاک ریلیف میں بھی 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کی بینادی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورزکے گریڈ 17 سے 20 تک کے ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ اضافہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2019 کی مد میں کیا گیا ہے، ملازمین کو بقایا جات 3 اقساط میں ادا کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ یوٹیلٹی ملازمین نے پہلے روزے کو ہڑتال کا اعلان کیا تھا اورملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز بند کردیے تھے تاہم بعدازاں یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کی انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں