وفاقی کابینہ کے ارکان کی نصف سینچری مکمل، 32 منتخب، 18 غیر منتخب، خرچے کم نہیں ہوئے بڑھ گئے

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی کابینہ کے ارکان کی نصف سینچری مکمل، 32 منتخب، 18 غیر منتخب، خرچے کم نہیں ہوئے بڑھ گئے،وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل اراکین کی تعداد 50 ہوگئی ہے، جن میں 18 ایسے اراکین بھی شامل ہیں جنہیں عوام نے منتخب نہیں کیا۔ کابینہ میں وفاقی وزراء، وزراء مملکت،

مشیروں و معاونین خصوصی کی تعداد نے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں وفاقی وزراء کی تعداد 27، وزراء مملکت کی تعداد 4 اور مشیروں کی تعداد 5 ہے۔اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے اپنے لیے مختلف محکمہ جات کے امور دیکھنے کےلیے 14 معاونین خصوصی بھی کابینہ میں شامل کیے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں عوامی امور نمٹانے کے لیے ایسے 18 افراد بھی شامل ہیں جنہیں عوام نے منتخب ہی نہیں کیا۔ نئے معاون خصوصی لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو وفاقی وزیر یا وزیر مملکت کا درجہ نہیں دیا گیا۔وزیر اعظم نے دو معاونین خصوصی کو وفاقی وزیر کا درجہ دیا ہوا ہے، جن میں ثانیہ نشتر اور محمد شہزاد ارباب شامل ہیں۔ اسی طرح وزیر اعظم عمران خان نے کئی اہم وزارتوں کا قلمدان اپنے پاس رکھا ہوا ہے جن میں وزارت تجارت اور وزارت ماحولیات تبدیلی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پارلیمانی امور، خزانہ اور وزارت صحت کے انچارج بھی وزیر اعظم عمران خان خودہیں۔ واضح رہے کہ وزارتِ سمندر پار پاکستانیز کا قلمدان بھی وزیراعظم عمران خان کے پاس ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close