اسلام آباد(پی این آئی)خدمات کا اعتراف، جاں بحق ہیلتھ ورکرز کے لواحقین کے لیے 30 لاکھ سے ایک کروڑ تک کا امدادی پیکج منظور۔وفاقی حکومت نے کورونا سے جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرز کے لیے 30 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد
پریس بریفنگ میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز کے تحفظ اور فلاح وبہبود کے لیے حکومت فکرمند ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کورونا کےمریض کی دیکھ بال کے دوران انتقال کرجانے والے ہیلتھ ورکرز کو شہید کادرجہ دیاجائےگا اور اس کے اہلخانہ کے لیے 30 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کا امدادی پیکج فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس امدادی پیکج کا اطلاق اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں ہوگا۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہیلتھ ورکرز کے ورثاء کے لیے 100 فیصد پنشن اورسرکاری گھربرقرار رکھاجائےگا۔خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 14 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے اور 322 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث متعدد ڈاکٹر اورطبی عملے کے اہلکار کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جب کہ 3 ڈاکٹر جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں