اسلام آباد انتظامیہ نے رمضان المبارک میں مساجد و امام بارگاہوں میں نماز، تراویح کے لئے شرائط جاری کر دیں، جانیئے

اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد انتظامیہ نے رمضان المبارک میں تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازوں کے اجتماعات کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا۔مذکورہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ 50 سال سے زائد اور 12 سال سے کم عمر نمازی مساجد یا امام بارگاہ نہ آئیں۔اس میں مزید کہا گیا کہ نزلہ زکام کھانسی کے شکار افراد

کو مساجد یا امام بارگاہوں میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔نمازیوں کے لیے صف بندی میں کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں میں قالین یا دریاں بچھانے کی اجازت نہیں ہوگی اور نماز صرف فرش پر ادا کی جائے۔ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ نماز سے قبل اور بعد میں مساجد اور امام بارگاہوں میں اجتماعات کی اجازت نہیں ہو گی۔ہال کی بجائے صحن میں نماز کی ادائیگی کو ترجیح دی جائے گی، نماز سے قبل فرش پر کلورین کا چھڑکاؤ لازم ہے۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ نمازیوں کے لیے بہتر ہے کہ وضو گھر سے کر کے آئیں، باہمی میل جول سے اجتناب کریں۔اس کے ساتھ ساتھ مساجد و امام بارگاہوں میں نمازیوں کے لیے سحر و افطار کا انتظام نہیں ہوگا جبکہ اعتکاف بھی گھروں پر ہی کیا جائے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان اور کورونا کے سبب شہریوں کی سہولت کے لیے 8 موبائل یوٹیلٹی اسٹورز بھی شروع کیے گئے ہیں۔بازاروں میں رش سے بچاؤ اور ناجائز منافع خوری پر سخت نظر رکھنے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close